وزیراعظم کا دورہ حیدرآباد، عثمانیہ یونیورسٹی کے کئی طلبہ لیڈر گرفتار

   

حیدرآباد8اپریل (یواین آئی) وزیراعظم مودی کے دورہ حیدرآباد کے موقع پر امکانی احتجاج کے پیش نظرعثمانیہ یونیورسٹی پولیس نے نصف شب سے ہی یونیورسٹی سے کئی طلبہ لیڈروں کو احتیاطی طورپر حراست میں لے لیا۔ بی آر ایس طلبہ یونین کے ساتھ ساتھ کئی اپوزیشن طلبہ یونینوں نے نریندر مودی کے دورہ میں رکاوٹ کی اپیل کی تھی جس پر پولیس نے ان کو احتیاطی طورپر حراست میں لے لیا۔پولیس نے کہا کہ انہیں امن و سلامتی کی خاطر پیشگی حراست میں لیا گیا تھا۔ اس موقع پر کئی طلبہ لیڈروں نے کہا کہ مودی کے دورہ کے پیش نظر کل شب ہاسٹلس پہنچ کر پولیس نے کئی طلبہ لیڈروں کو حراست میں لے لیا۔طلبہ کا کہنا ہے کہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد وہ تین بار ریاست کا دورہ کر چکے ہیں۔ ترقی پر ان کی خاموشی تکلیف دہ ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ملک کے عوامی شعبہ کے اداروں کو کارپوریٹ نجی طاقتوں کے حوالے کر دیا گیا ہے ۔ انہوں نے سوال کیا کہ تلنگانہ میں ٹرائبل یونیورسٹی کے قیام کا خواب کب شرمندہ تعبیر ہوگا۔ انہوں نے مرکزی حکومت میں ایک لاکھ خالی ملازمتوں کو فوری پُرکرنے کا مطالبہ کیا۔