وزیراعظم کا 11 تا14اپریل ویکسین فیسٹیول پر زور

,

   

عالمی وبا کورونا پر قابو میں غفلت نہ کریں ۔ چیف منسٹروں کیساتھ مودی کا رابطہ
نئی دہلی : وزیراعظم نریندر مودی نے کووڈ۔ 19 کیسوں کی بڑھتی تعداد کے درمیان کئی ریاستوں میں بظاہر غفلت و لاپرواہی کا نوٹ لیتے ہوئے آج چیف منسٹروں سے اپیل کی کہ آئندہ دو تا تین ہفتوں میں کورونا وائرس کے خلاف اپنی کوششوں میں جدت پیدا کریں تاکہ اس عالمی وباء کے پھیلاؤ کو جنگی خطوط پر روکا جاسکے ۔ انہوں نے /11 سے /14 اپریل کے درمیان ویکسین فیسٹیول منانے کی اپیل بھی کی تاکہ اہل شہریوں کی زیادہ سے زیادہ تعداد کو ویکسین دیا جاسکے ۔ کووڈکی صورتحال اور جاریہ ٹیکہ اندازی مہم پر غور و خوص کیلئے چیف منسٹروں کے ساتھ اپنے آن لائن رابطے میں مودی نے دعویٰ کیا کہ ملک میں اس وائرس سے نمٹنے کیلئے زبردست وسائل موجود ہیں جو پہلے نہیں ہوا کرتے تھے ۔ چنانچہ کورونا کو چھوٹے چھوٹے علاقوں سے محدود کرتے ہوئے ختم کرنے پر توجہ دینا چاہئیے ۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانی کا نظام بہتر بنانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ کورونا کے خلاف ایک سالہ لڑائی کی وجہ سے ہوسکتا ہے سسٹم میں تھکن کے آثار ہوں اور کہیں کوتاہی بھی ہوسکتی ہے لیکن ہم سب کو آئندہ دو تا تین ہفتے حکمرانی میں سختی پیدا کرتے ہوئے اس وباء سے نمٹنا ہوگا ۔ مودی نے زور دیا کہ ’’ ٹسٹ ، ٹریک ، ٹریٹ ‘‘ کو ملحوظ رکھتے ہوئے آگے بڑھیں تو کورونا پر قابو پایا جاسکتا ہے ۔ یعنی کورونا کا ٹسٹ کرائیں ، ممکنہ مریضوں کا پتہ چلائیں اور ان کا علاج کرائیں ۔ کورونا پازیٹیو کیسوں کی روزانہ کی تعداد جمعرات کو ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی اور 1.26 لاکھ سے زائد نئے انفیکشن سامنے آئے ۔