43 ہزار کروڑ مالیتی ترقیاتی کاموں کا افتتاح کیا جائیگا ۔ ریاستی وزیر نارائنا کا بیان
حیدرآباد 29اپریل(یواین آئی) وزیراعظم مودی کے 2مئی کو اے پی کے نئے دارالحکومت امراوتی کے دورہ کے انتظامات تقریبا مکمل ہوگئے ہیں۔ باقی کام کل تک مکمل کئے جائیں گے ۔ یہ بات ریاستی وزیر نارائنا نے عہدیداروں کے ساتھ انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم مودی کے ہاتھوں 43 ہزار کروڑ روپے مالیت کے ترقیاتی کاموں کا افتتاح کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صرف 50 دنوں میں کسانوں نے بغیر کسی اعتراض کے اپنی اراضیات دارالحکومت کیلئے دی تھیں۔انہوں نے کہاکہ چیف منسٹر چندرابابونائیڈوکی ہدایت پر عالمی معیارکا دارالحکومت تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے ۔سنگاپور کے تعاون سے ماسٹر پلان تیار کیا گیا ہے جس کے تحت 365 کلومیٹر ٹرنک روڈس اور 1500 کلومیٹر لے آؤٹ روڈس تعمیر کئے جائیں گے ۔ ماضی میں 41ہزار کروڑ روپے کے ترقیاتی کام شروع کئے گئے تھے اور 2019 سے پہلے 5 ہزار کروڑ روپے کے بلزکی ادائیگی بھی ہو چکی ہے ۔وزیر موصوف نے سابقہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس نے دارالحکومت کے معاملے پر غیر یقینی کی صورتحال پیدا کی تھی، جس کے باعث قانونی پیچیدگیوں سے بچتے ہوئے کام کی پیشرفت میں وقت لگا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ تین برسوں میں دارالحکومت کی تعمیر مکمل کر لی جائے گی ۔ کل چیف منسٹر نے امراوتی کے 29 دیہاتوں کے کسانوں سے دو گھنٹے طویل ملاقات کی اور انہیں وزیر اعظم کے جلسہ میں شرکت کی دعوت دی۔ کسانوں نے مطالبہ کیا کہ امراوتی پر پارلیمنٹ میں قانون بنایا جائے ۔ وزیر اعلیٰ نے عہدیداروں کو اس معاملہ کا جائزہ لینے کی ہدایت دی ہے ۔