وزیراعظم کو تلنگانہ گلوبل سمٹ میں شرکت کی دعوت

   

مودی سے ریونت ریڈی کی ملاقات ، زیر التواء پراجکٹس کیلئے یادداشت ،میٹرو توسیعی منصوبہ کا تذکرہ

حیدرآباد۔ 3 ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج نئی دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور تلنگانہ رائزنگ 2047 گلوبل سمٹ میں شرکت کی دعوت دی۔ بھارت فیوچر سٹی میں 8 اور 9 ڈسمبر کو منعقد ہونے والی گلوبل سمٹ کا دعوت نامہ پیش کرتے ہوئے چیف منسٹر نے وزیر اعظم کو ایونٹ کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ اس موقع پر ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا اور کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ بھی موجود تھے۔ چیف منسٹر اور ڈپٹی چیف منسٹر نے وزیر اعظم کی شالپوشی کی اور گلدستہ پیش کیا۔ پارلیمنٹ میں موجود وزیر اعظم کے دفتر میں ہوئی اس ملاقات میں چیف منسٹر نے وزیر اعظم کو گلوبل سمٹ کا لوگو حوالہ کیا۔ بات چیت کے دوران ریونت ریڈی نے گلوبل سمٹ کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی اور کہا کہ بہتر سرمایہ کاری کے ذریعہ ریاست کی معیشت کو مستحکم کرنے کے لئے سمٹ کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے 2047 تک تین ٹریلین ڈالر معیشت کی ترقی کا نشانہ مقرر کیا ہے۔ مرکزی حکومت کے وکست بھارت 2047 ایجنڈہ سے متاثر ہوکر ویژن ڈاکیومنٹ تیار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں کا احاطہ کرتے ہوئے ویژن ڈاکیومنٹ تیار کیا گیا ہے جسے سمٹ کے دوران جاری کیا جائے گا۔ نیتی آیوگ کے ماہرین اور دیگر شعبہ جات سے وسیع تر مشاورت کے بعد ڈاکیومنٹ کو قطعیت دی گئی۔ ریونت ریڈی نے تلنگانہ رائزنگ ویژن کے تحت ریاست میں ترقیاتی کاموں میں تعاون کی وزیر اعظم نریندر مودی سے اپیل کی۔ انہوں نے مرکز کے پاس زیر التواء تمام پراجکٹس کی منظوری کی درخواست کی۔(سلسلہ صفحہ 6 پر)