وزیراعظم کو دفعہ 370 یاد ہے، مگر آئینی ذمہ داری نہیں:کپل سبل

,

   

کانگریس کا دعویٰ ہے کہ وزیراعظم مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کو دفعہ 370 خوب یاد رہتا ہے مگر انہیں عوام کی کوئی فکر ہی نہیں، آئینی ذمہ داری کا احساس ہی نہیں۔

کانگریس کے سنیئر لیڈر و ترجمان کپل سبل نے سنیچر کو یہاں پارٹی کے صدر دفتر میں پریس کانفرنس میں کہا کہ ’مودی-شاہ‘ کی جوڑی کو انتخابی جلسوں میں 370 خوب یاد آ جاتا ہے اور اس سلسلے میں وہ تشہیر بھی خوب کر رہے ہیں لیکن ملک کی حقیقی صورت حال کو چھپایا جا رہا ہے اور اس دفعہ کے سہارے مسائل پر پردہ ڈال کر عوام کو گمراہ کرکے ان سے ووٹ حاصل کیا جاتا ہے۔

کپل سبل نے کہا کہ حکومت اپنے آئینی ذمہ داریوں سے بری الذمہ نہیں ہوسکتی ہے اس لیے لوگوں کو روزی روٹی کے لئے غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک میں جانا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 14، 16 اور 16 میں آئینی ذمہ داریوں کی ادائیگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا ہے حکومت پر اپنے شہریوں کی پرورش اور ان کو روزگار دینے کی ذمہ داری ہے لیکن مودی اور شاہ کو اس ذمہ داری کا کوئی احساس نہیں ہے، اس لئے وہ لوگوں کو گمراہ کر رہے ہیں اور 370 کی بات کرکے عوام کو گمراہ کر نے کا کام کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ایک رپورٹ کے مطابق ملک میں 93 فیصد بچوں کو مناسب غذا نہیں مل رہی ہے اور اس سال کے غذائیت کے اعداد و شمار میں ہندوستان کی رینکنگ دنیا میں 102 ہے جو نیپال، پاکستان اور بنگلہ دیش جیسے غریب ممالک کے مقابلے میں کم ہے۔ اسی طرح سے 2018 میں میکسیکو نے غیر قانونی طریقے سے روزی روٹی کی تلاش میں غیر قانونی طور پر جانے والے 311 ہندوستانیوں کو وطن بھیجا گیا۔ امریکہ کی کسٹم رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ سال نو ہزار ہندوستانیوں کو غیر قانونی طور پر داخل ہونے کے الزام میں گرفتار کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو آرٹیکل 47 کے ساتھ عمل کرتے ہوئے عوام کے تئیں اپنے آئینی فرائض ادا کرنا چاہیے لیکن ’مودی شاہ‘ کی جوڑی کو ووٹ لینے کے لئے 370 کے علاوہ کچھ نظر ہی نہیں آرہا ہے۔ وہ اپنی آئینی ذمہ داری کو بھول کر دوسری سرگرمیوں میں لگے ہیں۔