وزیراعظم کی آج چیف منسٹرس کیساتھ ویڈیو کانفرنس

   

نئی دہلی ۔ یکم ؍ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کل تمام ریاستوں کے چیف منسٹرس کے ساتھ ایک ویڈیو کانفرنس کریں گے۔ کوروناوائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے سلسلہ میں تبادلہ خیال کریں گے۔ اس موقع پر وہ لاک ڈاؤن کے بعد مزدوروں کو درپیش مشکلات اور تبلیغی جماعت میں حصہ لینے والوں کے کوروناوائرس سے متاثرین کا پتہ چلانے اور ان کی تلاش کو یقینی بنانے پر بات چیت کی جائے گی۔ کانفرنس کے دوران ملک کی ریاستوں میں ضروری اشیاء کی دستیابی پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ گذشتہ زائد از دو ہفتوں کے دوران وزیراعظم کی یہ دوسری ویڈیو کانفرنس ہوگی۔ کوروناوائرس کے پھوٹ پڑنے کے بعد مرکز اور ریاستوں کی جانب سے ہنگامی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ 25 مارچ سے ملک بھر میں 21 روز کا لاک ڈاؤن چل رہا ہے۔ وزیراعظم نے 20 مارچ کو بھی چیف منسٹروں سے بات چیت کی تھی۔ ذرائع نے کہا کہ اس ویڈیو کانفرنس میں کوروناوائرس کے بڑھتے کیسوں سے نمٹنے کے طور طریقوں پر بھی غوروخوض کیا جائے گا۔ اسی دوران وزیراعظم نے چیف منسٹر مہاراشٹرا ادھوٹھاکرے سے فون پر بات چیت کی اور مہاراشٹرا میں کوروناوائرس کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ مہاراشٹرا میں اب تک 335 کیس ریکارڈ کی گئی ہے۔