انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی، چیف الیکٹورل آفیسر سے کانگریس کی نمائندگی
حیدرآباد: کانگریس پارٹی نے چیف الیکشن کمشنر سے شکایت کی ہے کہ تلنگانہ میں ایم ایل سی نشستوں کی رائے دہی کے لئے کورونا ٹیکہ اندازی میں حصہ لینے والے افراد کو وزیراعظم نریندر مودی کی تصویر کے ساتھ سرٹیفکیٹ جاری کیا جارہا ہے جو انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔ الیکشن کمیشن کوآرڈینیشن کمیٹی کے صدرنشین ایم ششی دھر ریڈی اور کنوینر جی نرنجن نے چیف الیکٹورل آفیسر شیشانگ گوئل سے ملاقات کرتے ہوئے یادداشت پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں کورونا ٹیکہ دینے والے افراد کو مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود کی جانب سے جو سرٹیفکٹ جاری کیا جارہا ہے ، اس پر وزیراعظم کی تصویر ہے۔ مغربی بنگال میں ایک سیاسی جماعت کی نمائندگی کے بعد الیکشن کمیشن نے وزارت صحت کو اسمبلی انتخابات کے پیش نظر سرٹیفکٹس کی اجرائی روکنے کی ہدایت دی ہے ۔ تلنگانہ میں جہاں کونسل کی دو نشستوں کیلئے 14 مارچ کو رائے دہی مقرر ہے، وہاں وزیراعظم کی تصویر کے ساتھ سرٹیفکٹ کی اجرائی کا سلسلہ جاری ہے ۔ الیکشن کمیشن کو اس سلسلہ میں ضروری ہدایات جاری کرنی چاہئے ۔ ششی دھر ریڈی نے کہا کہ وزارت صحت نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی پرواہ کئے بغیر وزیراعظم کی تصویر کے ساتھ سرٹیفکٹس تیار کئے ہیں ۔ الیکشن کمیشن کو اس سلسلہ میں وزارت صحت سے وضاحت طلب کرنی چاہئے ۔ کانگریس قائدین نے انتخابی ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل آوری کا مطالبہ کیا۔ چیف الیکٹورل آفیسر نے اس معاملہ کا جائزہ لینے کا تیقن دیا ۔