وزیراعظم کے دورہ تلنگانہ کے موقع پر عوام کیلئے خوشخبری لانے پر زور

   

ریاست میں متعدد پراجکٹس کی منصوبہ بندی، وزیر کے ٹی آر کی نریندرمودی سے اپیل

حیدرآباد۔یکم۔جولائی (سیاست نیوز) وزیر اعظم نریندر مودی اپنے دورہ ٔ تلنگانہ کے دوران تلنگانہ عوام کے لئے خوشخبری لائیں اور تلنگانہ کی ترقی کے لئے کی گئی نمائندگیوں کو قبول کرنے کا اعلان کریں۔ ریاستی وزیر کے ٹی راما راؤ نے وزیر اعظم سے ان کے مجوزہ دورہ سے قبل اپیل کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت موسیٰ ندی سے متصل منچی ریولہ تا ناگول نئے ایکسپریس وے کی تعمیر کی منصوبہ بندی کر رہی ہے اور اس کے لئے 10ہزار کروڑ کی لاگت آئے گی۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ نے آج آؤٹر رنگ روڈ پر بیسویں انٹرچینج کے افتتاح کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اس بات کا انکشاف کیا اور کہا کہ حکومت کی جانب سے 55کیلو میٹر طویل نئے ایکسپریس وے کی تعمیر کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے جو کہ موسیٰ ندی پر 14نئے برجس کی تعمیر کے علاوہ ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ حکومت تلنگانہ میں کئی ترقیاتی منصوبوں پر عمل آوری کا منصوبہ رکھتی ہے اور آئندہ چند برسوں کے دوران شہر حیدرآباد کی جامع ترقی کو یقینی بنانے کے منصوبہ کے تحت پراجکٹس کی تیاری عمل میں لائی جار ہی ہے جس میں منچی ریولہ سے ناگول کے درمیان 55کیلو میٹر طویل ایکسپریس وے کی تعمیر شامل ہے۔ کے ٹی راما راؤ نے بتایا کہ جاریہ سال ماہ ستمبر تک شہر حیدرآباد ملک میں پہلا شہر ہوگا جہاں سیوریج کے پانی کی صفائی کے ذریعہ اسے دوبارہ قابل استعمال بنایا جارہا ہے۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ نے بتایا کہ حکومت نے شہر اور نواحی علاقوں میں 31نئے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس تعمیر کئے جا رہے ہیںجو کہ 3866 کروڑ کی لاگت سے تعمیر کئے گئے ہیں۔ انہو ںنے بتایا کہ سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس کی تیاری کے بعد شہر حیدرآباد اور شہر حیدرآباد کے اطراف و اکناف کے علاقوں میں موجود تالابوں اور ندیوں میں گندہ پانی کا بہاؤ مکمل طور پر ختم ہوجائے گا۔ وزیر نے بتایا کہ شمس آباد سے ناگول کے لئے بھی علحدہ ایکسپریس وے کی تعمیر کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے اور اس کے لئے 15ہزار کروڑ کی لاگت آئے گی ۔ انہو ںنے شہر کے مغربی حصہ سے مشرقی حصہ کو مربوط کرنے کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے شہر کے ہر سمت میں ترقی کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔کے ٹی راما راؤ نے بتایا کہ ترقیاتی کاموں کے لئے محکمہ دفاع کی 150 ایکڑ اراضی ریاستی حکومت کو درکار ہے اور وہ اس سلسلہ میں مرکزی وزیر دفاع کو مکتوب روانہ کرنے کے علاوہ ان اراضیات کی حوالگی کے لئے نمائندگی کرچکے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت اس 150ایکڑ اراضی کے عوض شاہ میر پیٹ کے علاقہ میں مرکزی وزارت دفاع کو 500ایکڑ اراضی حوالہ کرنے کیلئے تیار ہے۔ وزیر بلدی نظم و نسق نے وزیراعظم سے اپیل کی کہ وہ ریاست کے ترقیاتی منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے میں حائل مرکزی رکاوٹوں کو دور کریں تاکہ ریاستی حکومت اپنے منصوبوں پر عمل آوری کے ذریعہ ریاست کی ترقی کو یقینی بناسکے۔ م