وزیراعظم کے ہاتھوں جھانسی میں آج دفاعی راہداری کا سنگ بنیاد

   

نئی دہلی ۔ 14 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی جمعہ کے دن مجوزہ دفاعی راہداری کا یوپی کے شہر جھانسی میں سنگ بنیاد رکھیں گے۔ ہندوستان کو دفاعی پیداوار کے سلسلہ میں خودمکتفی بنانے کیلئے حکومت ہند نے فیصلہ کیا ہیکہ دو دفاعی راہداریاں قائم کی جائیں جن میں سے ایک ٹاملناڈو اور دوسری اترپردیش کے شہر میں ہو۔ یو پی کے سرمایہ کاروں کے اجلاس میں جو فبروری 2018ء میں منعقد کیا گیا تھا، مودی نے اعلان کیا تھا کہ ایسی ایک دفاعی راہداری یوپی کے علاقہ بنڈیل کھنڈ میں قائم کی جائے گی۔ وزیراعظم جھانسی ۔ کھیرار ریل سیکشن کو برقی توانائی فراہم کرنے کا افتتاح بھی کریں گے۔ ٹرینوں کو برقی توانائی سے چلانے کے نتیجہ میں کاربن کا اخراج کم ہوجائے گا اور ایک ماحولیات دوست اقدام شروع ہوجائے گا۔ مودی پہاڑی تالاب کی جدید کاری پراجکٹ کا بھی افتتاح کریں گے۔ ضلع جھانسی میں دریائے ڈھاسن پر ایک ذخیرہ آب تعمیر کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں وہ ٹرین کے ڈبوںکی جدید کاری کے کاموں کے کارخانہ کا جھانسی میں سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔ پینے کا پانی تمام کو فراہم کرنے کے سلسلہ میں وزیراعظم نل کے ذریعہ پانی کی اسکیم کا بنڈیل کھنڈ کے علاقہ میں آغاز کریں گے۔ اس سے پینے کے پانی کی قلت سے دوچار بندیل کھنڈ کے عوام کے پینے کے پانی کی ضروریات کی تکمیل ہوسکے گی۔