بابائے قوم کے 151 ویں یوم پیدائش پر گجرات کے وزیراعلیٰ کا ورچوئل خطاب
گاندھی نگر : وزیراعلیٰ گجرات وجئے روپانی نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ بابائے قوم مہاتما گاندھی نے ہی ہندوستان میں رام راجیہ کا خواب دیکھا تھا اور وزیراعظم نریندر مودی باپو کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ مہاتما گاندھی کے 151 ویں یوم پیدائش ( گاندھی جینتی) کے موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وجئے روپانی نے ایودھیا میں زیر تعمیر رام مندر کو مہاتما گاندھی کے اُس خواب کی تعبیر قرار دیا جو انہوں نے ہندوستان میں رام راجیہ کی تشکیل کیلئے دیکھا تھا ۔ گاندھی جی کو لارڈ رام سے بے پناہ عقیدت تھی اور رام راجیہ کا قیام بھی اُن کا ہی نظریہ تھا ۔ یہاں تک کہ جس وقت انہیں ناتھورام گوڈسے نے گولی مار کر قتل کیا اُس وقت بھی گاندھی جی کے منہ سے آخری جو الفاظ نکلے وہ ’’ ہے رام ‘‘ تھا جس سے لارڈ رام سے مہاتما گاندھی کی بے پناہ عقیدت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے ۔ لارڈ رام میں وہ تمام خصوصیات تھیں جو عوام کے پسندیدہ راجہ میں ہونا چاہیئے ۔ لارڈ رام ہمیشہ اپنی رعایا سے محبت کرتے تھے ۔ اس لئے لارڈ رام کی حکمرانی کو مثالی قرار دیا جاتا ہے اور باپو نے بھی ہندوستان میں رام راجیہ کے قیام کا خواب دیکھا تھا ۔ وجئے روپانی گاندھی نگر سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ پوربندر میں واقع کیرتی مندر میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ کیرتی مندر ایک یادگار عمارت ہے جو مہاتما گاندھی کی جائے پیدائش سے رقیب تعمیر کی گئی ہے ۔ وجئے روپانی نے کہا کہ یہ ہماری بدقسمتی ہے کہ بعض لوگ رام راجیہ کو صرف ایک مخصوص مذہب کی حکومت تصور کررہے ہیں اور بلاوجہ تنازعات پیدا کررہے ہیں جن کی وجہ سے ہم رام راجیہ کی تشکیل سے ہرگزرتے دن کے ساتھ دور ہوتے جارہے ہیں ، تاہم یہ ایک اچھی علامت ہے ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر ملک میں رام راجیہ کے قیام کا پیش خیمہ ثابت ہوگا ۔ نریندر مو دی اُس خواب کو شرمندہ تعبیر کررہے ہیں جو کبھی گاندھی جی نے دیکھا تھا ۔ روپانی نے مزید کہا کہ وزیراعظم کا آتم نربھر بھارت ویژن بھی مہاتما گاندھی کی خود کفالت والے نظریہ کا حصہ ہے ۔ وجئے روپانی نے مہاتما گاندھی کے یوم پیدائش پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا اور اس بات پر افسوس ظاہر کیا کہ وہ شخصی طور پر کیرتی مندر میں حاضرنہ ہوسکے ۔ کورونا وائرس وباء کی وجہ سے صرف محدود تعداد میں ہی مہمانوں کو مدعو کیا گیا تھا ۔