ضلع کلکٹر اورکمشنر پولیس کا متعلقہ عہدیداروں کے ہمراہ انتظامات کاجائزہ
نظام آباد ۔ 4 فبروری ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاستی وزیراعلیٰ ریونت ریڈی کے 6؍ فروری کو نظام آباد ضلع کے مجوزہ دورہ کے پیش نظر ضلع کلکٹر ایلا ترپاٹھی اور پولیس کمشنر پی سائی چیتنیا رکن اسمبلی نظام آباد رورل ڈاکٹر بھوپت ریڈی ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر مسٹر ناگیش ریڈی پرچار کمیٹی کے چیئرمین محمد جاوید اکرم کے علاوہ دیگر نے متعلقہ عہدیداروں کے ساتھ انتظامات کا جائزہ لیا۔ نظام آباد رورل اسمبلی حلقہ کے حدود میں بائی پاس روڈ سے متصل مقام کو وزیراعلیٰ کی عوامی جلسہ گاہ کے طور پر قطعیت دیے جانے کے بعد کلکٹر اور پولیس کمشنر نے جائے مقام کا دورہ کرتے ہوئے زمینی سطح پر انتظامات کا معائنہ کیا اور عہدیداروں کو ضروری ہدایات دیں۔ کلکٹر ایلا ترپاٹھی پولیس کمشنر مسٹر سائی چیتنیا نے ہدایت دی کہ وزیراعلیٰ کے دورہ کے موقع پر کسی بھی قسم کی کوتاہی کی گنجائش نہ رہے اور تمام انتظامات کو مستحکم انداز میں انجام دیا جائے۔ انہوں نے ہیلی پیڈ، اسٹیج اور دیگر ضروری سہولتوں کی تیاری مقررہ مدت سے قبل مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ پولیس عہدیداروں کو مشورہ دیا گیا کہ عوامی جلسہ میں شرکت کرنے والوں کی گاڑیوں کے لیے مناسب پارکنگ مقامات کا انتخاب کیا جائے، وزیراعلیٰ کی سیکورٹی کے لئے سخت بندوبست کیا جائے اور دورہ کے دوران عوام کو ٹریفک کی دشواریوں سے محفوظ رکھنے کے لئے تمام احتیاطی اقدامات اختیار کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام محکموں کے عہدیدار باہمی تال میل کے ساتھ کام کریں اور پیشگی طور پر انتظامات کو قطعیت دیں تاکہ پروگرام خوش اسلوبی سے انجام پاسکے۔ اس موقع پر ایڈیشنل کلکٹر کرن کمار، ٹرینی کلکٹر کیرولین چنگتھیان ماوی، ایڈیشنل ڈی سی پی بسوا ریڈی، ڈی آر ڈی او سایا گوڑ، نظام آباد آر ڈی او راجندر کمار، میونسپل کارپوریشن کمشنر دلیپ کمار، آر اینڈ بی ایس ای سردار سنگھ، ٹرانسکو ایس ای راجیشور، آر ٹی سی آر ایم جیوتسنا، ڈی پی او سرینواس راؤ اور ڈی ایم ایچ او ڈاکٹر راج شری سمیت دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔