ممبئی: رواں سال کے آخر میں مہاراشٹرا اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں اور ابھی سے سیاست گرم ہو گئی ہے۔ کئی قد آور رہنما اپنے سیاسی مستقبل کی تلاش میں پوری طرح جٹ گئے ہیں۔ اس درمیان مہاراشٹر اکے نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار نے ایک حیرت انگیز بیان دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اگر بی جے پی اور شیو سینا نے انہیں وزیر اعلیٰ کے عہدہ کی پیشکش کی ہوتی تو وہ پوری نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کو اپنے ساتھ لے آتے۔ سب سے خاص بات یہ ہے کہ اجیت پوار نے جب یہ بات کہی تو اس وقت اسٹیج پر ایکناتھ شنڈے اور دیوندر فڑنویس دونوں موجود تھے۔اجیت پوار نے مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ ایکناتھ شنڈے کی سوانح عمری ‘یودھا کرم یوگی۔ایکناتھ سمبھاجی شنڈے کتاب کے اجرا کے موقع پر یہ بات مذاق کے طور پر کہی لیکن اس کے کئی سیاسی معنی نکالے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر اجیت نے خود کو شنڈے اور فڑنویس کے مقابلے سینئر بھی قرار دیا۔