وزیرتعلیم کے ہاتھوں دسویں جماعت کے اسٹڈی میٹریل کا رسم اجراء

   

ایس ایس سی بورڈ کی جانب سے امتحانات کی تیاریاں ۔ 4500 امتحانی مراکز کا قیام
حیدرآباد : ریاستی وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے آج دسویں جماعت کے اسٹڈی میٹریل کی اجرائی عمل میں لائی اور ایس ایس سی بورڈ نے امتحانات کی تیاریوں کا آغاز کردیا۔ ریاست میں کورونا کے تیزی سے پھیلنے پر اسکولس و کالجس میں باقاعدہ کلاسیس کی تعلیم کو عارضی طور پر ملتوی کرتے ہوئے آن لائن تعلیم جاری رکھی گئی ہے۔ وزیر تعلیم نے کہاکہ یہ اسٹڈی میٹریل ڈیجیٹل کلاسیس کے ذریعہ فراہم کی جانے والی تعلیم میں طلبہ کیلئے مددگار ثابت ہوگا جو آسان زبان میں ہیں اور سب کو سمجھ میں آئے گا۔ تلگو، اردو، انگریزی زبانوں میں تیار کردہ یہ اسٹڈی میٹریل
www.scert.telangana.gov.in
پر دستیاب ہے۔ اس سے استفادہ کرنے کا طلبہ کو مشورہ دیا۔ ریاست میں کورونا کے پھیلاؤ کو دیکھتے ہوئے اس مرتبہ دسویں جماعت کے امتحانی مراکز اسکولس کے 5 کیلو میٹر کے حدود میں قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سال تقریباً 5.20 لاکھ طلبہ دسویں جماعت کے امتحانات میں شریک ہورہے ہیں۔ کورونا وباء کی وجہ سے ایک امتحانی مرکز میں 10 تا 12 طلبہ کو بٹھانے کیلئے مزید 2005 امتحانی مراکز کا اضافہ کیا جارہا ہے۔ اس طرح ریاست میں جملہ 4,500 امتحانی مراکز قائم کئے جارہے ہیں۔