وزیرخارجہ ہند جئے شنکر کی ایرانی صدر سے ملاقات

   

جوائنٹ کمیشن کے اجلاس کی تفصیلات پر بات چیت
تہران۔ 23 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیرامورخارجہ ایس جئے شنکر نے آج ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات کی اور انہیں جوائنٹ کمیشن کے نتائج اور باہمی روابط میں پیشرفت سے واقف کرایا۔ جئے شنکر دو روزہ دورہ پر یہاں آئے ہیں۔ انہوں نے 19 ویں جوائنٹ کمیشن میٹنگ کی اتوار کو اپنے ایرانی ہم منصب جواد ظریف کے ساتھ مشترکہ صدارت کی۔ اس میٹنگ میں دونوں فریقوں نے کلیدی نوعیت کے چابہار پراجکٹ پر کام میں تیزی لانے سے اتفاق کیا۔ جئے شنکر نے ایرانی صدر سے ملاقات کے بعد ٹوئیٹ کیا کہ میزبان صدر نے بڑی گرم جوشی سے استقبال کیا۔ جئے شنکر نے اڈمیرل علی شمخانی سکریٹری سپریم نیشنل سکریٹری کونسل آف ایران سے بھی ملاقات کی اور ان کے ساتھ علاقائی سلامتی اور باہمی تعلقات کے وسیع تر موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔ ہندوستانی وزیر نے وزیر شوارع اور شہری ترقیات محمد اسلامی سے بھی ملاقات کرتے ہوئے رابطہ سے متعلق پراجکٹوں پر بات کی۔