وائرس کے واقعات میں اضافہ افسوسناک، عوام لاک ڈاؤن کی سختی سے پابندی کریں
حیدرآباد 18 اپریل (سیاست نیوز) وزیرداخلہ محمد محمود علی نے آج شہر میں کورونا وائرس کی وباء روکنے کے لئے جراثیم کش ادویہ کے چھڑکاؤ کی مہم کی شخصی طور پر نگرانی کی۔ تلنگانہ اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس اینڈ فائر سرویسس کی جانب سے حلقہ اسمبلی نامپلی کے سید نگر میں سوڈیم ہائپو کلورائیڈ کا چھڑکاؤ کیا گیا۔ سید نگر کے علاقہ میں وزیرداخلہ نے اِس مہم کی نگرانی کی۔ اِس موقع پر وزیرداخلہ نے کہاکہ انسان کو اپنی اور اپنے ارکان خاندان کی زندگی کی حفاظت کرنا ضروری ہے۔ کورونا وائرس نے کئی ممالک میں ہزاروں افراد کو موت کی نیند سلادیا ہے۔ ہندوستان بالخصوص تلنگانہ میں کورونا کے پھیلاؤ پر کافی کنٹرول کیا جارہا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ وہ گزشتہ چند دنوں سے تلنگانہ میں وائرس کے متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے جو ہر کسی کے لئے باعث تشویش ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ سوڈیم ہائپو کلورائیڈ کے چھڑکاؤ کے ذریعہ جراثیم کے پھیلاؤ کو روکا جاسکتا ہے۔ اُنھوں نے عوام سے درخواست کی کہ وہ اپنے گھر والوں کو وائرس سے بچانے کے لئے تمام تر احتیاطی قدم اُٹھائیں۔ اُنھوں نے کہاکہ گھروں میں خود کو محدود رکھتے ہوئے وائرس سے بچا جاسکتا ہے۔ لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل آوری وائرس کے بچاؤ کا واحد اور بہترین ذریعہ ہے۔ اُنھوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ غیر ضروری طور پر مکانات سے باہر نہ نکلیں۔ خاص طور پر بزرگوں اور بچوں کو باہر نکلنے سے روکا جائے۔ محمود علی نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل کیا جارہا ہے۔ اِس کے علاوہ ڈاکٹرس اور میڈیکل اینڈ ہیلت ڈپارٹمنٹ نے مریضوں کو صحتیاب کرنے میں اہم رول ادا کیا ہے۔ تلنگانہ میں وائرس کے پھیلاؤ کی صورتحال قابو میں ہے اور چیف منسٹر کے اقدامات کے نتیجہ میں یقین ہے کہ بہت جلد تلنگانہ کو وائرس سے نجات مل جائے گی۔ وزیرداخلہ نے کہاکہ پرانے شہر میں وائرس کے زیادہ تر کیس منظر عام پر آئے لہذا پرانے شہر کے کئی علاقوں میں سوڈیم ہائپو کلورائیڈ کے چھڑکاؤ کا فیصلہ کیا گیا۔ ہر اسمبلی حلقہ میں یہ مہم چلائی جائے گی۔ بروز اتوار 19 اپریل کو 12 بجے دن ملک پیٹ اسمبلی حلقہ میں اِس مہم کا آغاز ہوگا۔ ہر اسمبلی حلقہ کا احاطہ کرتے ہوئے جراثیم کش ادویات کا چھڑکاؤ کیا جائے گا۔ اُنھوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں حکومت اور حکام سے تعاون کریں۔