وزیرفینانس ٹی ہریش راؤ کی مسلمانوں کو عیدالفطر کی مبارکباد

   

سدی پیٹ۔/24 مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگنانہ کے ہر دلعزیز گنگا جمنی تہذیب کے علمبردار وزیر فینانس مسٹر ٹی ہریش راؤ نے مسلمانوں کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور مسلمانوں سے خصوصی طور پر خواہش کی کہ وہ عید کے موقع پر تلنگانہ کی ترقی اور فلاح و بہبود کے علاوہ تلنگانہ میں عوام کو کورونا وائرس جیسی وباء سے محفوظ رہنے کیلئے دعا کرنے کی خواہش کی ۔ اس ضمن میں مسٹر ہریش راؤ نے اسٹاف رپورٹر سدی پیٹ کلیم الرحمن سے بات چیت کرتے ہوئے خوشنودی کا اظہار کیا کہ مسلمانوں نے ایک ماہ طویل روزے رکھتے ہوئے عبادتیں کرتے ہوئے گزارا ۔رمضان ایک ایسے موقع پر آیا جب ایک طرف کورونا وائرس کے باعث نافذ کردہ لاک ڈاؤن کا طویل عرصہ تو دوسری طرف شدید موسم گرما یہ دونوں چیزیں مسلمانوں کیلئے بہت ہی صبر آزما مرحلہ تھا۔ ایسی صورتحال میں مسلمانوں نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا اور رمضان کے تقدس کو برقرار رکھتے ہوئے روزوں کابھی اہتمام کیا۔ انہوں نے عامتہ المسلمین بالخصوص تلنگانہ کے تمام مسلمانوں کو ماہ رمضان المبارک کے وداع ہونے پر مسلمانوں کے ساتھ شامل ہونے کے علاوہ عیدالفطر کے موقع پر مبارکباد پیش کی جبکہ موجودہ لاک ڈاؤن کی صورتحال ایسی ہے کہ مسلمان لوگ عید کی نماز سے بھی محروم ہیں جس کا انہیں افسوس ہے۔ انہوں نے اپنے حلقہ اسمبلی سدی پیٹ میں وائرس کا تاحال ایک بھی کیس درج نہ ہونے پر مسرت کا اظہار کیا اور عوام سے تعاون پر شکریہ کااظہار کیا۔