وزیرِ ریلوے کے استعفیٰ کا مطالبہ

   

Ferty9 Clinic

نئی دہلی، 26جون (سیاست ڈاٹ کام) اوڈیشہ کے رائے گڑھ میں ہوئے ٹرین حادثہ کا معاملہ چہارشنبہ کو لوک سبھا میں اٹھاتے ہوئے کانگریس کے رکن پارلیمان نے وزیر ریلوے کے استعفیٰ کی مانگ کی۔ اوڈیشہ کی کوراپٹ پارلیمانی سیٹ سے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ سپت گیر اولاکا نے کہاکہ منگل کو ہوئے رائے گڑھ ٹرین حادثہ میں سملیشوری ایکسپریس کا انجن پٹری کی دیکھ بھال میں لگے ٹاور کار سے ٹکرا گیا۔ اس حادثہ میں ریلوے کے تین ملازمین کی موت ہوگئی۔ سپت گیر اولاکانے کہا کہ اس حادثہ سے یہ واضح ہے کہ ریلوے کے اندر کوئی تال میل نہیں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ نریندر مودی نے کل سابق وزیراعظم لال بہادر شاستری کا نام لیا تھا۔ کیا موجودہ وزیر ریلوے شاستری جیسی کوئی مثال پیش کریں گے۔ خیال رہے کہ اس وقت کے وزیر ریلوے شاستری نے نومبر 1956میں تملناڈو کے اریالور میں ہوئے ٹرین حادثہ کی اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے عہدہ سے استعفی دے دیا تھا۔ اس حادثہ میں 142 لوگوں کی موت ہوئی تھی۔ رائے گڈا میں منگل کو ہوئے ٹرین حادثہ کے بعد ٹرین کے انجن میں آگ لگ گئی اور وہ گارڈ لگیج وین اور ایک جنرل سلیپر کلاس کوچ کے ساتھ پٹری سے اتر گیا لیکن ٹرین کے باقی حصہ اور کسی مسافر کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔