رائے دہی کیلئے مہم چلانے کا مشورہ، بودھن میں سابق وزیر پی سدرشن ریڈی کا خطاب
بودھن ۔ 4 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) پی سدرشن ریڈی نے آج بودھن کا دورہ کیا ان کی آمد پر کانگریس پارٹی کے قائدین بھدرا ریڈی، شیخ محی الدین پاشاہ، گنگا دھر وغیرہ نے ان کی بکثرت گلپوشی کی۔ اس موقع پر سدرشن ریڈی نے پارٹی کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نو سال قبل نوتشکیل ریاست تلنگانہ کا اقتدار کے چندر شیکھر راؤ سنبھال کر گزشتہ 60 سالوں سے معاشی طور پر مستحکم علاقہ تلنگانہ کو قرض کے دلدل میں دھکیل دیا۔ کے سی آر نے اپنے انتخابی وعدے میں اعلان کیا تھا کہ وہ ہر گھر کے ایک بے روزگار فرد کو روزگار فراہم کریں گے اور مسلمانوں کو روزگار اور تعلیمی میدان میں 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن چیف منسٹر ہرگھر تو کیا ہر ایک حلقہ اسمبلی میں ایک بے روزگار کو مستقل روزگار فراہم کرنے میں ناکام رہے۔ انہوں نے کہا وزیر اعظم اور چیف منسٹر کی غلط پالیسیوں کے باعث خوردنوش کی اشیاء اور پٹرول، ڈیزل کی قیمتوں میں دوگنا اافہ ہوگیا۔ مودی سرکار نے پکوان گیس کی قیمت چار سو سے کم کرتے ہوئے تین سو کردینے کا وعدہ کیا تھا لیکن مرکزی حکومت اپنے وعدے کے برعکس پکوان گیس کی قیمت 1200 روپے کردی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی اقتدار میں آنے کے بعد پکوان گیس کی قیمت پانچ سو مقرر کردے گی اور وظائف پیرانہ سالی و دیگر وظائف دو ہزار سے بڑھاکر چار ہزار کردے گی۔ دیہی بے روزگار افراد کو کانگریس دور حکومت میں سالانہ 12 ہزار روپے فراہم کئے جارہے تھے۔ سدرشن ریڈی نے کہا کانگریس حکومت برسر اقتدار آنے کے بعد ہر ایک مستحق غریب فرد کو پانچ لاکھ روپے علاج و معالجہ کے لئے فراہم کئے جائیں گے۔ سدرشن ریڈی نے پارٹی کارکنوں سے کانگریس پارٹی کے مینوفسٹو کو عوام میں عام کردینے اور عام شہریوں کو رائے دہی میں حصہ لینے شعور بیداری مہم چلانے کا مشورہ دیا۔