وزیر اعظم اور کئی مرکزی وزراء تلنگانہ حکومت کی اسکیمات کی ستائش کرچکے ہیں

   

بی جے پی محض مسڈ کال پر رکنیت دینے والی پارٹی:وزیر اسپورٹس و سیاحت سرینواس گوڑ

حیدرآباد۔/25 اگسٹ، ( سیاست نیوز) ریاستی وزیر اسپورٹس و سیاحت و اکسائیز سرینواس گوڑ نے بی جے پی قائدین کو ہدف ملامت بنایا اور کہا کہ ریاستی بی جے پی کیلئے یہ شرم کی بات ہے کہ خود وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزراء ریاستی حکومت کی جانب سے شروع کردہ بعض عوامی فلاح و بہبود ی پروگراموںو اسکیمات کی زبردست ستائش کررہے ہیں۔ وزیر موصوف نے ریاستی بی جے پی قائدین کی حکومت پر کی جانے والی تنقیدوں پر اپنی شدید برہمی کا اظہار کیا اور بتایا کہ ریاست میں بڑے پیمانے پر بے قاعدگیاں اور کرپشن کے پیش آنے کے واقعات پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں۔ وزیر موصوف نے بی جے پی قائدین کو چیلنج کیا کہ اگر ان میں ہمت ہو تو صرف زبانی بیان بازی کے ذریعہ سستی شہرت حاصل کرنے کی کوشش کرنے کے بجائے بے قاعدگیوں و کرپشن کے کسی ایک واقعہ کو ثابت کردکھائیں۔ انہوں نے پارٹی کی رکنیت سازی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی بی جے پی کی طرح صرف ’ مسڈ کال ‘ کے ذریعہ رکنیت دینے والی پارٹی ہرگز نہیں ہے۔ بلکہ عوام خود جوق درجوق تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے قائدین سے رجوع ہوکر رکنیت کی فیس ادا کرنے کے بعد اپنی رکنیت حاصل کرنے پر ترجیح دے رہے ہیں۔ آج اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سرینواس گوڑ نے بی جے پی کے ریاستی قائدین کو مشورہ دیا کہ ابھی بھی کم از کم تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے قائدین پر تنقیدیں کرنے کے طریقہ کار کو ختم کرکے مرکزی حکومت سے ریاست تلنگانہ کیلئے زیادہ سے زیادہ رقومات ( فنڈز ) حاصل کرکے لانے اور ریاست کی ترقی کو یقینی بنانے پر اولین ترجیح دینے کا مشورہ دیا۔ وزیر موصوف نے پرزور الفاظ میں کہا کہ محض ٹی آر ایس حکومت کو منصوبہ بند انداز میں بدنام کرنے کیلئے ہی بی جے پی قائدین عمداً حکومت کو تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں۔ سرینواس گوڑ نے ریاست میں برقی موقف کو مستحکم بنانے میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے اقدامات کی زبردست ستائش کی اور کہا کہ ریاست میں برقی شعبہ ترقی کی سمت گامزن ہورہا ہے تو بی جے پی قائدین اپنی لاعلمی و معلومات کے فقدان کی وجہ سے ریاست کے برقی شعبہ میں بڑے پیمانے پر اسکینڈلس کے واقعات پیش آنے کے الزامات عائد کررہے ہیں۔ انہوں نے بی جے پی قائدین سے کہا کہ اگر ان میں کسی قدر بھی شرم ہو تو معلومات نہ رکھتے ہوئے اس طرح کی باتیں ہرگز نہیں کرتے۔ حقیقی طور پر بی جے پی قائدین ریاست کے برقی شعبہ کی اے بی سی ڈی سے بھی واقف نہیںہیں کہا۔ انہوں نے چیلنج کیا کہ اگر واقعی ریاستی بی جے پی قائدین میں ہمت اور دم ہو تو وہ بی جے پی زیر قیادت حکومت والی ریاستوں کا دورہ کرکے وہاں کے حقیقی حالات سے واقف ہوں اور جو کچھ بھی حقائق پائے جائیں تو ہمت اگر ہو تو عوام کے روبرو برسر عام اظہار کریں تاکہ حقائق کا اظہار کرنے کی صورت میں بی جے پی قائدین کی زبردست ستائش کی جاسکے۔ وزیر موصوف نے پرزور الفاظ میں کہا کہ نیتی آیوگ نے از خود ریاستی حکومت کی شاندار کارکردگی کو دیکھتے ہوئے ریاست کو زیادہ سے زیادہ فنڈ فراہم کرنے کی سفارش کی ہے۔