نئی دہلی: کانگریس نے جمعرات کو وزیر اعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا کہ وہ بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ اور ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے سربراہ برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف جنسی استحصال کے الزامات پر اپنی خاموشی توڑیں اور پوچھا کہ ابھی تک ملوث افراد کے استعفے کیوں نہیں آئے ہیں۔اپوزیشن پارٹی کا حملہ اسٹار ریسلر ونیش پھوگاٹ کے بدھ کے روز اس الزام کے بعد آیا کہ ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (ڈبلیو ایف آئی) کے صدر سنگھ برسوں سے خواتین ریسلرز کا جنسی استحصال کر رہے ہیں، اس الزام کو اسپورٹس ایڈمنسٹریٹر نے سختی سے مسترد کردیا۔ ہندی میں ایک ٹویٹ میں کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے کہا کہ ہمارے کھلاڑی ملک کا فخر ہیں۔ وہ عالمی سطح پر اپنی کارکردگی سے ملک کا نام روشن کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں نے ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا اور اس کے صدر کے خلاف استحصال کے سنگین الزامات عائد کیے ہیں اور ان کی آواز سنی جانی چاہیے۔