نئی دہلی :ہنڈن برگ۔اڈانی تنازعہ پر کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے پیر کے روز وزیر اعظم نریندر مودی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی پارلیمنٹ میں اڈانی معاملے پر بحث کو ٹالنے کی پوری کوشش کریں گے۔ یہ بیان راہول گاندھی نے دہلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے دیا۔ انھوں نے کہا کہ ملک کو پتہ ہونا چاہیے کہ اڈانی کے پیچھے کون سی طاقت ہے۔ مودی جی پارلیمنٹ میں اڈانی جی پر بحث کو ٹالنے کی پوری کوشش کریں گے۔ اس کی وجہ آپ جانتے ہیں۔ جو لاکھوں۔کروڑوں کی بدعنوانی ہوئی ہے، اس سے پردہ اٹھنا چاہیے۔ راہول نے کہا کہ وہ حکومت کے بارے میں کافی وقت سے بول رہے ہیں کہ یہ ’ہم دو، ہمارے دو‘ کی حکومت ہے۔ حکومت ڈری ہوئی ہے اور پارلیمنٹ میں اڈانی جی پر بحث نہیں کرنا چاہتی ہے۔