حیدرآباد۔/16 جنوری، ( پی ٹی آئی) تلنگانہ بی جے پی کے صدر کے لکشمن نے اپوزیشن جماعتوں کو عظیم اتحاد کے لئے ان کی تجویز پر چہارشنبہ کو طنز و تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ (اپوزیشن جماعتیں ) وزارت عظمیٰ کے امیدوار کا فیصلہ نہیں کرسکیں گی۔ دوسری طرف وزیر اعظم نریندر مودی کی فیصلہ کن قیادت کو اقتدار پر دوبارہ واپس لانے کیلئے بی جے پی پھر ایک مرتبہ عوام سے رجوع ہوگی۔ کے لکشمن نے یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم مودی اور کانگریس کے صدر راہول گاندھی کی قیادت کے درمیان کوئی تقابل ہی نہیں ہے۔ قومی سطح پر مختلف محاذوں کے قیام کے تجربات ماضی میں ناکام ثابت ہوچکے ہیں۔ لکشمن نے کہا کہ علاقائی جماعتیں کسی قومی تناظر کے بغیر متحد ہورہی ہیں ۔ تلنگانہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی اگرچہ بہتر مظاہرہ نہیں کرسکی لیکن لوک سبھا انتخابات کے نتائج اس سے مختلف رہیں گے۔