وزیر اعظم مودی آج بھی سویم سیوک کے طور پر کام کر رہے ہیں
جبل پور میں دانشوروں اور ممتاز شخصیتوں کے اجتماع سے آر ایس ایس سربراہ موہن بھگوت کا خطاب
بھوپال: راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے سربراہ موہن بھاگوت نے کہا کہ سنگھ صرف شاکھا کو منظم کرنے کا کام کرتا ہے، لوگوں کو ملک کیلئے کام کرنے کیلئے متاثر کرتا ہے۔’’سنگھ کا کام ہے عادت ڈالنا‘‘ (آر ایس ایس کیلئے کام عادت بنانا ہے)۔ بھاگوت نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی ایک سویم سیوک اور پرچارک ہیں، اور آج بھی وہ ایک پرچارک کے طور پر کام کر رہے ہیں۔آر ایس ایس کے سربراہ نے کل جبل پور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جب بھی سنگھ کا نام آتا ہے، آپ مودی جی کا نام لیتے ہیں۔ ہاں مودی جی سنگھ کے سویم سیوک رہے ہیں اور پرچارک بھی۔ وی ایچ پی کو بھی ہمارے سویم سیوک چلاتے ہیں۔ لیکن سنگھ ان پر براہ راست یا ریموٹ کنٹرول نہیں کرتا، وہ آزادانہ طور پر کام کرتے ہیں۔ ہم صرف مشورہ دے سکتے ہیں، لیکن ان پر کبھی قابو نہیں پا سکتے۔جبل پور میں دانشوروں اور ممتاز لوگوں کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے بھاگوت نے کہا کہ ہندوستان زبان، تجارتی مفاد، سیاسی طاقت اور سوچ کی بنیاد پر ایک ملک نہیں بنا۔ یہ تنوع میں اتحاد اور وسودھائیو کٹمبکم (دنیا ایک خاندان ہے) کی بنیاد پر ایک قوم بن گئی ہے۔انہوں نے یہ بھی زور دے کر کہا کہ ایک شخص یا ایک تنظیم یا ایک سیاسی تنظیم بڑی تبدیلی نہیں لا سکتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ہندوتوا کا مطلب ہے سب کو اپنانے کا فلسفہ، ہندوستانی آئین کا دیباچہ صرف ہندوتوا کی اصل روح ہے۔‘‘عوامی نظم و ضبط کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے، آر ایس ایس سربراہ نے کہا کہ دھرم کا مطلب مذہب یا عبادت کا نظام نہیں ہے، بلکہ اس کا مطلب نظم و ضبط کے ساتھ فرائض کی انجام دہی ہے۔انہوں نے فطرت کے تحفظ کی وسیع کوششوں پر بھی زور دیا۔