وزیر اعظم مودی اگلے سال ترنگا ضرور لہرائیں گے لیکن اپنے گھر پر: کانگریس

   

Ferty9 Clinic

نئی دہلی: کانگریس نے منگل کو وزیر اعظم نریندر مودی کے لال قلعہ کی فصیل سے دیے گئے خطاب کو ‘جھوٹ اور مبالغہ آرائی سے بھری انتخابی تقریر’ قرار دیا اور کہا کہ وہ اگلے سال اپنی رہائش گاہ پر ترنگا لہرائیں گے۔ اپوزیشن پارٹی نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعظم کا یہ دعویٰ کہ وہ اگلے سال دوبارہ لال قلعہ سے ملک سے خطاب کریں گے ان کے تکبر کو ظاہر کرتا ہے۔ دراصل وزیر اعظم مودی نے یوم آزادی کے موقع پر لال قلعہ سے خطاب کرتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا تھا کہ وہ اگلے سال ایک بار پھر لال قلعہ کی فصیل سے قوم سے خطاب کریں گے اور عوام کے سامنے کیے گئے وعدوں کی پیشرفت پیش کریں گے۔وزیراعظم کے اس خطاب کے بعد کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے صحافیوں سے کہا کہ ہر آدمی کہتا ہے کہ وہ بار بار جیتے گا، لیکن ہارنا اور جیتنا ووٹروں کے ہاتھ میں ہوتا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ وہ اگلے سال ترنگا لہرانے کی بات کر رہے ہیں جو کہ ان کے تکبر کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے آگے طنزیہ انداز میں کہا کہ وہ (وزیراعظم) اگلے سال ترنگا ضرور لہرائیں گے لیکن اپنے گھر پر۔