وزیر اعظم مودی نے دفعہ 370 کو ختم کر کے لوگوں میں ڈالی گئی بیڑیاں توڑ دیں: بی جے پی

   

سری نگر: بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری ترون چگھ نے کہا ہے کہ پانچ اگست 2019 کو وزیر اعظم نریندر مودی نے دفعہ 370 اور 35 اے کو ختم کر کے جموں و کشمیر کے لوگوں میں ڈالی گئی بیڑیوں کو توڑ دیا۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر پر70 برسوں تک صرف دو خاندانوں نے حکومت کی لیکن وہ یہاں پنچایتی راج قائم نہیں کر سکے ۔ترون چگھ نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں پارٹی دفتر پر پانچ اگست کے 2019 فیصلوں کی دوسری برسی کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب سے اپنے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘جموں و کشمیر کے لوگوں کے پیروں میں جو بیڑیاں ڈالی گئی تھیں ان کو وزیر اعظم نریندر مودی نے پانچ اگست 2019 کو توڑا۔ اس کے لئے میں لوگوں کو مبارک باد دیتا ہوں۔ چگھ نے عبداللہ اور مفتی خاندان کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ان خاندانوں نے 70 برسوں تک جموں و کشمیر پر حکومت کی لیکن وہ یہاں پنچایتی راج قائم نہیں کر سکے ۔