وزیر اعظم مودی نے رمضان کی مبارکباد پیش کی

   

نئی دہلی، 19 فروری (یواین آئی) وزیراعظم نریندرمودی نے ہم وطنوں کو ماہ رمضان کی مبارک باد پیش کی ہے ۔مسٹر مودی نے سوشل میڈیا ایکس پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے لکھا کہ رمضان مبارک! یہ مبارک مہینہ ہمارے معاشرے میں اتحاد کے جذبے کو مزید فروغ دے ، ہر جگہ امن اور خوشحالی ہو۔قابل ذکر ہے کہ ہندوستان کے مختلف حصوں میں رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا ہے۔
جس کے بعد مختلف کمیٹیوں نے اعلان کیا ہے کہ 19 فروری سے رمضان المبارک کا مہینہ شروع ہوگا۔

اے آئی انسانی تاریخ میں تبدیلی کا بڑا انقلاب: مودی
نئی دہلی 19 فروری (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے مصنوعی ذہانت یعنی اے آئی کو پوری انسانی تاریخ میں تبدیلی کا ایک بڑا انقلاب اور مثبت طاقت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا مثبت اور ذمہ دارانہ استعمال انسانیت کی بھلائی کے لیے ایک نعمت ہے ، لیکن اس کا غلط استعمال تباہی کا سبب بن سکتا ہے ۔ انہوں نے اے آئی کے بارے میں ہندوستان کا نظریہ ’مانو‘ بھی پیش کیا جو اس کے اخلاقی، جوابدہ، خود مختار اورقانونی شکل کے خاکہ کی وضاحت کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کا یہ ویژن 21ویں صدی میں انسانیت کی بہبود کی اہم کڑی بنے گا۔مودی نے جمعرات کو یہاں ’انڈیا اے آئی امپیکٹ‘ کانفرنس میں دنیا بھر کے ممتاز اے آئی ماہرین، کئی ممالک کے سربراہان مملکت، اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل اور صنعت کاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسانی تاریخ میں کچھ صدیوں کے بعد ایک فیصلہ کن موڑ آتا ہے جو تہذیب کی سمت طے کرتا ہے ، جس سے سوچنے کا زاویہ بدل جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شروع میں اس کے اثرات کا اندازہ بھی نہیں ہوتا لیکن بعد میں یہی تہذیب کی بنیاد بنتا ہے ۔