وزیر اعظم مودی نے نتیش کمار حکومت کی تعریف کی

   

نئی دہلی۔ 4 اکتوبر (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے بہار میں راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سابق دورِ حکومت میں تعلیم کی ’’خراب حالت‘‘ کو ریاست سے بڑے پیمانے پر ہجرت کا اہم سبب قرار دیا اور کہا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی قیادت والی قومی جنتا دل اتحاد (این ڈی اے) حکومت نے حالات میں نمایاں بہتری لاتے ہوئے بہار کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے۔ یہ بیان بہار میں ہونے والے اسمبلی انتخابات سے قبل سامنے آیا ہے۔وزیر اعظم مودی نے بہار کیلئے مختلف منصوبوں اور نوجوانوں پر مرکوز تعلیم و ہنر مندی سے متعلق اسکیموں کے افتتاح کے موقع پر کانگریس کے رہنما راہل گاندھی پر بالواسطہ طنز کیا، جنہیں کانگریس کے کارکن اکثر ’’جن نائک‘‘ کہہ کر پکارتے ہیں۔ ’’جن نائک‘‘ کا لقب بہار کے مشہور او بی سی رہنما اور سابق وزیر اعلیٰ کرپوری ٹھاکر کے لیے استعمال ہوتا رہا ہے۔مودی نے نام لیے بغیر کہا کہ کچھ لوگ کرپوری ٹھاکر سے وابستہ اس اعزاز کو ’’چرانے‘‘ کی کوشش کر رہے ہیں، اس لیے بہار کے عوام کو ان سے ہوشیار رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ’’کرپوری ٹھاکر کو ’سوشل میڈیا ٹرولز‘ نے نہیں بلکہ عوام کے خلوص و محبت نے ’جن نائک‘ کا خطاب دیا ہے۔‘‘ مرکزی حکومت نے گزشتہ سال مرحوم او بی سی رہنما کرپوری ٹھاکر کو ’’بھارت رتن‘‘ کے اعزاز سے نوازا تھا۔مودی نے نتیش کمار کی حکومت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’’بہار حکومت نے ریاست کی ترقی کیلئے نئے عزائم قائم کیے ہیں اور اس نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ پانچ برسوں میں روزگار پانے والوں کی تعداد پچھلے بیس برسوں کے مقابلے میں دوگنی ہوگی۔‘‘
وزیر اعظم نے کہا کہ آر جے ڈی کے دور میں تعلیم کی جو زبوں حالی تھی، وہی بہار کے لوگوں کے دوسرے شہروں کی طرف ہجرت کا اصل سبب بنی۔ ’’اس وقت اسکول بند رہتے تھے، بھرتیاں بہت کم ہوتی تھیں اور طلبہ کو تعلیم حاصل کرنے کے لیے ریاست چھوڑنی پڑتی تھی۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’جب کسی درخت کی جڑیں گل جائیں تو اسے سیدھا کرنا مشکل ہو جاتا ہے، اور آر جے ڈی کے دور میں بہار کی یہی حالت تھی۔‘‘