وزیر اعظم مودی نے نفرت پھیلا کر ہندوستان کو کمزور کیا، اب ہمیں عوام کے درمیان جانا ہوگا: راہل گاندھی

   

نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے اتوار کے روز وزیر اعظم نریندر مودی، بھارتیہ جنتا پارٹی اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کو نشانہ بنایا اور الزام لگایا کہ وزیر اعظم نفرت پھیلا کر ہندوستان کو کمزور کر رہے ہیں۔ انہوں نے مہنگائی پر کانگریس کی ‘ہلہ بول’ ریلی میں یہ بھی کہا کہ اب اپوزیشن کے پاس عوام میں جانے اور براہ راست بات کرنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں بچا ہے، اسی لیے کانگریس 7 ستمبر سے ‘بھارت جوڑو’ یاترا نکالنے جا رہی ہے ‘نیشنل ہیرالڈ’ سے متعلق مبینہ منی لانڈرنگ معاملے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی انکوائری کا حوالہ دیتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کو سمجھنا چاہئے کہ وہ ای ڈی سے ڈرنے والے نہیں ہیں راہل گاندھی نے کہا کہ جب سے بی جے پی حکومت اقتدار میں آئی ہے، ملک میں نفرت اور غصہ بڑھ رہا ہے۔ جو ڈرتا ہے اس کے دل میں نفرت پیدا ہوتی ہے۔ جو ڈرتا نہیں اس کے دل میں نفرت پیدا نہیں ہوتی۔ ملک میں مستقبل کا خوف، مہنگائی کا خوف اور بے روزگاری کا خوف بڑھتا جا رہا ہے۔ جس کی وجہ سے نفرت بڑھ رہی ہے۔ نفرتوں سے لوگ تقسیم ہوتے ہیں اور ملک کمزور ہو جاتا ہے۔ بی جے پی اور آر ایس ایس کے لیڈر ملک کو تقسیم کر رہے ہیں اور جان بوجھ کر ملک میں خوف اور نفرت پیدا کر رہے ہیں۔