وزیر اعظم مودی کانگریس منشور کے بارے میں جھوٹ پھیلا رہے ہیں

   

ملک کا راجہ جھوٹ بول رہا ہے تو وہ موجودہ اور آنے والی نسلوں کو بھی نقصان پہنچا رہا ہے:پون کھیڑا

نئی دہلی: کانگریس نے کہا ہے کہ چار مرحلوں کے انتخابات میں اپنی یقینی شکست کو دیکھتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی پریشان ہو گئے ہیں اور پارٹی کے انتخابی منشور کے بارے میں مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں۔ کانگریس کے میڈیا انچارج پون کھیڑا نے پیر کو دہلی پردیش کانگریس ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ مودی کا دہلی کے لوگوں سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ دہلی کے عام لوگ پچھلے 10 برسوں سے ناانصافی کا سامنا کر رہے ہیں۔ اب مرکز میں حکومت بنانے کے بعد کانگریس یہاں کے لوگوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کو ختم کرے گی۔ مودی پر جھوٹ پھیلانے کا الزام لگاتے ہوئے پون کھیڑا نے کہا کہ اگر ملک کا راجہ جھوٹ بول رہا ہے تو وہ موجودہ پیڑھیوں کے ساتھ ساتھ آنے والی نسلوں کو بھی نقصان پہنچا رہا ہے ۔ وزیر اعظم مودی ہمارے منشور کے بارے میں مسلسل جھوٹ پھیلا رہے ہیں۔ اگر آپ اپوزیشن کی مذمت کرنا چاہتے ہیں تو کریں لیکن اپنا حساب بھی دیں۔ مودی اپنا رپورٹ کارڈ ملک کے سامنے ضرور پیش کریں، لیکن آپ کے پاس اس کا جواب نہیں ہے اور آپ نے ملک کے 10 سال برباد کر دیے ہیں۔ کانگریس کے لیڈر نے کہا کہ ملک کی راجدھانی ہونے کی وجہ سے دہلی کے مسائل قومی سطح کے ہیں۔ اگر دہلی میں مزدوروں کی حالت قابل رحم ہے تو یہ پورے ملک کی عکاسی ہے ۔ ہمارے لیڈر راہول گاندھی ’انصاف‘ کا لفظ استعمال کرتے ہیں۔ یہ صرف ایک لفظ نہیں ہے بلکہ ہمارے آئین اور کانگریس پارٹی کا نظریہ ہے ۔ پون کھیڑا نے کہا کہ راہول جی ’بھارت جوڑو یاترا‘ کرنے کے بعد دہلی پہنچے اور انہوں نے یہاں کے لوگوں سے بات کی اور ہمارا منشور اسی کا نتیجہ ہے ۔ بدلے کے احساس کی وجہ سے مودی سرکار دہلی کے اچھے سے بنائے ہوئے نظام کو تباہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ کانگریس کے ترجمان نے کہا کہ بی جے پی نے ووٹروں کے بارے میں ہمیشہ سوچے بغیر چھوٹی اور ہلکی سیاست کی ہے ۔ اٹل جی کے زمانے میں بھی اپوزیشن جدوجہد کرتی تھی لیکن اس وقت سیاست کا ایک معیار ہوتا تھا۔ وہ معیار آج کی مودی حکومت میں نظر نہیں آتا۔لوک سبھا الیکشن کی انتخابی مہم کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی پر اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے مسلسل جھوٹ بولنے کا الزام عائد کیا جاتا رہا ہے ۔اگر چہ مودی نے ان الزامات کو مسترد کردیا تاہم میڈیا نے ان کے بیانات اور ان کی جانب سے انہیں جھٹلانے کو واضح کیا ہے۔ دہلی میں لوک سبھا الیکشن کے چھٹے مرحلہ میں پولنگ ہونے والی ہے جس کیلئے بی جے پی اور اپوزیشن انڈیا اتحاد کی جانب سے بڑے پیمانے پر تشہیر جاری ہے ۔ عام آدمی پارٹی اور کانگریس نے مشترکہ طورپر چار اور تین حلقوں میں اپنے امیدوار اتارے ہیں ۔