وزیر اعظم مودی کا دورہ امریکہ، تیاریاں عروج پر

   

سماج کے مختلف طبقہ کے ذمہ داروں کے ساتھ سفارتی عہدیداروں کی مشاورت

حیدرآباد۔7۔جون۔(سیاست نیوز) وزیر اعظم نریندر مودی کے دورۂ امریکہ کو کامیاب بنانے کے لئے امریکہ میں موجود ہندستانی سفارتی عہدیدار سرگرم مشاورت اور کوششوں میں لگے ہوئے ہیں اور گذشتہ دو ہفتہ سے جاری ان اجلاسوں میں ہندستان کی کئی سرکردہ شخصیات نے بھی شرکت کی اور نریندر مودی کے دورۂ امریکہ کو کامیاب بنانے کی کوششوں کا حصہ بن رہے ہیں۔وزیر اعظم نریندر مودی کے اعزاز میں 22 جون کو وائٹ ہاؤز میں عشائیہ کا اہتمام کیا جا رہاہے اور وہ امریکی کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے دوسری مرتبہ خطاب کرنے جا رہے ہیں۔ شکاگو میں متعینہ ہندستانی قونصل جنرل مسٹر سومناتھ گھوش نے جاریہ ماہ کے اوائل میں رکن پارلیمنٹ و رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے اعزاز میں ایک تقریب کا اہتمام کیا تھا جس میں ہندستان کی سرکردہ شخصیات موجود تھیں جن میں سابق کرکٹ کپتان جناب محمد اظہر الدین ‘ مسٹر نیروو پٹیل نائب صدر وشوا ہندو پریشد‘ ڈاکٹر بھرت بیرائی اوورسیز فرینڈس آف بی جے پی کے علاوہ جناب افتخار شریف ‘ڈاکٹر تجمل اور مقصود قادری اور جناب بدرالدین اجمل کے فرزند جناب عبدالرحمن اجمل موجود تھے۔اس تقریب کے دوران قونصل جنرل ہند متعینہ شکاگو نے وزیر اعظم ہندنریندر مودی کے دورۂ امریکہ کو کامیاب بنانے کے سلسلہ میں تبادلہ خیال کیا اور اس دورہ کے دوررس نتائج کے متعلق مشاورت کرتے ہوئے امریکہ میں موجود ہندستانیوں کے رائے عامہ کو ہموار کرنے کے متعلق مشاورت کی۔ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق وزیر اعظم کے دورۂ امریکہ کو کامیاب بنانے کے لئے امریکہ میں موجود ہندستانی سفارتی عہدیداروں کے علاوہ بھارتیہ جنتا پارٹی ‘ وشواہندو پریشد ‘ ہندو توا تنظیموں کے علاوہ مسلم شخصیات کو بھی متحرک کیا جارہاہے اور نریندر مودی کے دورہ کو کامیاب بنانے کے ساتھ ساتھ ہندستانی امریکی شہریوں کو یہ تاثر دینے کی کوشش کی جار ہی ہے کہ اس دورہ سے دونوں ممالک کے تعلقات میں استحکام پیدا ہونے کے علاوہ امریکہ میں مقیم ہندستانیوں کو کافی فائدہ ہوگا۔ ہندستانی سفارتی عہدیداراس دورہ کو کامیاب بنانے کے لئے امریکہ میں مقیم ہندستانیوں کے علاوہ سرکردہ ہندستانی مسلم شخصیات اور بااثر افراد سے ملاقاتوں کو وسعت دیتے ہوئے یہ نریندر مودی کے دورہ کو کامیاب بنانے کے اقدامات میں مصروف ہیں اور اس کے لئے کئی اہم شخصیات ‘ سیاستداں ‘ صحافیوں کو بھی امریکہ مدعو کیا جا رہاہے۔م