حیدرآباد یکم ستمبر(سیاست نیوز) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج چیف منسٹر ریونت ریڈی سے فون پر رابطہ کرتے ہوئے ریاست میں شدید بارش اور سیلاب کی تفصیلات سے آگہی حاصل کی ۔ چیف منسٹر نے وزیر اعظم کو ریاست میں شدید بارش اور مختلف اضلاع میںسیلاب کی وجہ سے ہوئے نقصانات سے وقاف کروایا ۔ انہوں نے فوری طور پر کئے گئے راحت و بچاؤ کاموںاور احتیاطیاقدامات سے بھی انہیں واقف کروایا ۔ چیف منسٹر کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم نے جان و مال کے نقصان کو ممکنہ حد تک کم کرنے میں ریاستی حکومت کے اقدامات کی ستائش کی ۔ وزیر اعظم نے تیقن دیا کہ مرکز سے ریاست کو ہیلی کاپٹرس روانہ کئے جائیں گے اور مرکز سے ضروری امداد فراہم کی جائے گی ۔
امیت شاہ کا ریونت ریڈی و چندرا بابو کو فون
حیدرآباد ۔ یکم ستمبر ( سیاست نیوز) دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں بارش سے زبردست تباہ کاریاں ہو رہی ہیں۔ بارش اور سیلاب کی صورتحال پر مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے دونوں چیف منسٹروں اے ریونت ریڈی اور این چندرا بابو نائیلاو سے فون پر بات کی اور بارش و سیلاب سے نمٹنے کیلئے مرکزی حکومت کی جانب سے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کا تیقن دیا ۔ دونوں چیف منسٹروں سے فون پر علیحدہ بات چیت میں وزیر داخلہ نے سیلاب کی وجہ سے ہونے والے نقصانات اور تباہ کاریوں سے واقفیت حاصل کی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ پر زور دیا ۔ انہوں نے دونوں ہی ریاستوں کو سیلاب سے نمٹنے ہرممکن مدد کا تیقن دیا۔