وزیر اعظم مودی کا کورونا کی صورتحال پر اعلی سطح کا اجلاس

,

   

سخت چوکسی اختیار کرنے کا مشورہ ‘ وزارت صحت کیساتھ مختلف امور پر تبادلہ خیال

نئی دہلی : چین اور دنیا کے کئی دیگر ممالک میں قہر برپا کررہے کورونا کو لے کر ہندوستان پوری طرح سے چوکس ہوگیا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ مرکزی وزارت صحت کے ساتھ اعلی سطح کا اجلاس منعقد کیا گیا۔وزیر اعظم نے موجودہ حالات میں مطمئین ہونے کے خلاف انتباہ دیا اور عوام ک سخت چوکسی برتنے کا مشورہ دیا۔ ملک اور دنیا میں کورونا کو لے کر موجودہ حالات سے مرکزی وزارت صحت کی جانب سے وزیر اعظم کو واقف کرایا گیا۔ اجلاس میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، مرکزی وزیر صحت منسکھ مانڈویہ سمیت دیگر سینئر عہدیدار شامل تھے۔وزیر اعظم مودی نے کورونا کی صورتحال کو لے کر دہلی ، مہاراشٹرا اور کئی دیگر ریاستوں کے ساتھ بھی اس پر تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس میں وزیراعظم کو ملک میں دستیاب ادویات ویکسین اور دستیاب ہاسپٹل بیڈ کی تفصیلات سے واقف کروایا گیا ۔ وزیراعظم نے ان کی دستیابی اور ضروری ادویات کی قیمتوں پر مسلسل نظر رکھنے کی ہدایت دی ۔ مودی نے ریاستوں کو مشورہ دیا کہ ہاسپٹل انفراسٹرکچر بشمول آکسیجن سیلنڈرس ، پی ایس اے پلانٹس ، ویننٹی لیٹرس وغیرہ کی دستیابی اور کارکردگی کو یقینی بنائیں ۔ ہجوم میں ماسک کے استعمال اور بوسٹر ڈوز کا بھی مشورہ دیا گیا ۔ مرکزی وزارت صحت نے بھی عالمی کورونا معاملات پر گہری نظر رکھی ہے۔ چین میں زیرو کووڈ پالیسی ہٹنے کے بعد سے حالات انتہائی خراب ہوگئے ہیں۔ اس پر عالمی صحت تنظیم بھی تشویش ظاہر کرچکی ہے۔ جاپان، جرمنی، برازیل اور ساوتھ کوریا وغیرہ ممالک میں بھی یہ اپنا خطرناک رخ دکھا رہا ہے۔ ایسے میں چین سے آنے والی فلائٹس پر پابندی لگانے کی مانگ بھی تیزی سے اٹھ رہی ہیں۔ کورونا کے بڑھتے معاملات سے نمٹنے کے لئے چین سے آنے والی فلائٹس پر پابندی لگانے کی مانگ کی جارہی ہے۔ملک میں کورونا کے نئے ویئرینٹ BF7 کے نئے معاملات سامنے آنے کے بعد حکومت نے سخت چوکسی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ۔ میٹنگ میں وزارت داخلہ کے بھی اعلی عہدیدار موجود تھے ۔