17 ستمبر بیروزگاروں کا قومی دن، یوتھ کانگریس کے دفتر پر احتجاج
نئی دہلی، 17 ستمبر (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی کی آج سالگرہ کے موقع پر انڈیا یوتھ کانگریس (یوتھ کانگریس) نے اسے قومی بے روزگار دیوس کے طور پر منایا۔ وزیر اعظم مودی کے جنم دن کی 75 ویں سالگرہ پر ملک اور بیرون ملک سے انہیں مسلسل مبارکباد اور نیک خواہشات موصول ہو رہی ہیں۔ یوتھ کانگریس نے وزیر اعظم کے جنم دن (17 ستمبر) کے موقع پر اسے قومی بے روزگار دن کے طور پر منایا۔ یوتھ کانگریس نے آج دوپہر یوتھ کانگریس دفتر، رائسینا روڈ پر احتجاج کا اہتمام کیا تھا لیکن دہلی پولیس نے انہیں مظاہرہ کرنے کی اجازت نہیں دی۔ یوتھ کانگریس کے صدر ادے بھانو چِب نے کہا کہ ”آج جب ہم نے نوجوانوں کے حقوق کی آواز بلند کی تو پولیس نے ڈر دکھا کر مجھے اور میرے ساتھیوں کو روک دیا۔ لیکن کان لگا کر سن لو مودی-شاہ، احتجاج کرنا ہمارا آئینی حق ہے ، ہمیں کوئی روک نہیں سکتا اور جب تک نوجوانوں کو روزگار نہیں ملے گا، ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے ۔ ہم ملک کے نوجوانوں کی آواز ہیں اور یہ آواز اور بلند ہوگی۔ چِب نے کہا، ”پچاس سال میں سب سے زیادہ بے روزگاری آج ہے ۔ نوکری نہیں، صرف اڈانی کو فائدہ ہو رہا ہے اور کیوں دیں گے روزگار؟ کیونکہ ووٹ چوری کرکے ہی وزیر اعظم بننا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے ثابت کیا ہے اور ہم آج پھر سے دہراتے ہیں کہ مودی ووٹ چور ہیں، نوکری چور ہیں۔ اسی لیے وہ روزگار دینے کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھاتے ۔ انہیں لگتا ہے کہ ووٹ چوری کر کے دوبارہ وزیر اعظم بن جائیں گے ، لیکن ہم ایسا ہونے نہیں دیں گے ۔
مودی کی سالگرہ پر طلبہ کا انوکھا احتجاج
لکھنؤ:17 ستمبر (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی کی سالگرہ پر چہارشنبہ کو سماج وادی چھاتر سبھا اور این ایس یو آئی کی مشترکہ کال پر لکھنؤ یونیورسٹی کے طلباء نے لکھنؤ کے آئی ٹی چوراہے پر بے روزگاروں کی بارات نکالی۔اس دوران طلباء کے ماتھے پر لفظ ’’بے روزگار‘‘ لکھا ہوا تھا اور انہوں نے پگڑیاں پہن رکھی تھیں۔ کچھ کے گلے میں ہار اور ہاتھوں میں پلیٹیں بھی تھیں۔ چوراہے پر احتجاج کے دوران کارکنوں نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ احتجاج کے دوران طلباء اور پولیس کے درمیان معمولی جھڑپ بھی ہوئی۔ جس کے بعد پولیس نے تمام طلبہ کو حراست میں لے کر ایکو گارڈن بھیج دیا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ جائے مظاہرہ سے کچھ ہی فاصلے پر لکھنؤ اسکل مشن کے تحت ایک دو روزہ روزگار میلہ لگا تھاجس میں مرکزی مملکتی وزیر برائے فروغ ہنر مندی جینت چودھری اور وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ شرکت کرنے والے ہیں۔یاد رہے کہ مودی نے اپنی عمر کے 75 سال مکمل کرلئے ہیں اور انہیں ملک اور عالمی سطح پر مبارکبادیاں دی جارہی ہیں۔