نئی دہلی ۔9 ؍جون (احجنسیز)کینیڈا کے وزیراعظم مارکو کارنی نے وزیراعظم مودی کو G7 سربراہی اجلاس میں شرکت کرنے کے لیے مدعو کیا ہے اور وزیراعظم مودی نے اس دعوت کو قبول کر لیا ہے۔ 15 جون سے 17 جون تک کینیڈا میں G7 سمٹ ہوگی اور وزیراعظم مودی اس میں شرکت کریں گے۔ آپریشن سندورکے بعد وزیراعظم مودی کا یہ پہلا غیرملکی دورہ ہوگا۔کینیڈا میں وزیراعظم مودی ایک تیر سے تین شکار کریں گے۔ پہلا ہدف ہوگا پاکستان، دوسرا ہدف ڈونالڈ ٹرمپ اور ان کے جھوٹے دعوے اور تیسرا نشانہ ہوگا خالصتان اور اس کے حامی۔درحقیقت وزیراعظم مودی کی کینیڈا میں امریکی صدر ٹرمپ سے ملاقات ہوسکتی ہے کیونکہ ٹرمپ بھی G7 سمٹ میں شرکت کرنے والے ہیں۔ یہ عالمی پلیٹ فارم نہ صرف ہندوستان کے لیے سفارتی مواقع فراہم کرے گا بلکہ وزیراعظم مودی کو تینوں محاذوں پر کاری ضرب لگانے کا سنہرا موقع بھی دے گا۔ اس دورے کے ذریعے ہندوستان جہاں عالمی سطح پر اپنی پوزیشن مستحکم کرے گا وہیں پاکستان اور اس کے حمایت یافتہ دہشت گردوں کو بے نقاب کرے گا اور کینیڈا میں جاری خالصتانی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ امریکہ کی ثالثی کے جھوٹے دعوؤں پر بھی وار کرے گا۔