وزیر اعظم مودی کی مالدیپ کے نائب صدر اور سابق صدر سے ملاقات

,

   

دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری میں مزیداستحکام کی توقع‘مودی وطن واپس

مالے /نئی دہلی، 26 جولائی (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے مالدیپ کے اپنے دو روزہ دورے کے آخری دن ہفتہ کو یہاں مالے میں نائب صدر حسین محمد لطیف، سابق صدر محمد نشید اور پارلیمنٹ کے اسپیکر عبدالرحیم عبداللہ سے ملاقات کی اور مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا۔ نائب صدر سے ملاقات کے بعد مودی نے کہا کہ بات چیت ہند۔مالدیپ دوستی کے اہم ستونوں پر مرکوز رہی اور امید ظاہر کی کہ آنے والے برسوں میں دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری مزید مضبوط ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ نائب صدر حسین محمد لطیف کے ساتھ میری بہت اچھی ملاقات رہی۔ ہماری بات چیت ہند-مالدیپ دوستی کے اہم ستونوں پر مرکوز رہی۔ دونوں ممالک بنیادی ڈھانچے ، ٹیکنالوجی، موسمیاتی تبدیلی، توانائی وغیرہ جیسے شعبوں میں مل کر کام کرتے رہتے ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ آنے والے برسوں میں اس شراکت داری کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔ وزیر اعظم نریندر مودی مالدیپ کے دو روزہ کامیاب دورے کے بعد ہفتہ کی شام وطن واپس ہوگئے ۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ان کا دورہ نتیجہ خیز رہا اور اس دورے کے دوران صدر معزو سے بات چیت سے دونوں ملکوں کے تعلقات میں نئی توانائی آئے گی۔ مودی نے مالدیپ کے 60ویں یوم آزادی کی تقریبات میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔ انہوں نے ہندوستانی کمیونٹی کے ارکان سے بھی ملاقات کی۔