نئی دہلی : وزیراعظم نریندر مودی آج 70 برس کے ہوگئے اور اِس موقع پر نہ صرف ملک بلکہ دنیا بھر سے اُنھیں مبارکبادی کے پیامات وصول ہوئے۔ بیرونی شخصیتوں میں وزیراعظم نیپال کے پی اولی شامل ہیں جنھوں نے کہاکہ دونوں ممالک باہمی تعلقات کو مضبوط کرنے کی سمت مل جل کر کام کریں گے۔ ملک میں لگ بھگ تمام قومی قائدین اور سینئر لیڈروں نے وزیراعظم کو سالگرہ پر مبارکباد پیش کی۔ بی جے پی گزشتہ موقعوں کی طرح اِس بار بھی 14 تا 20 ستمبر ’سیوا سپتا‘ (خدمت کا ہفتہ) منارہی ہے اور اِس مدت کے دوران وزیراعظم کی سالگرہ کا دن 17 ستمبر آتا ہے۔ بڑے صنعت کاروں ، سیاست دانوں ، بالی ووڈ اسٹارس اور دیگر شخصیتوں نے بھی وزیراعظم کو مبارکباد دی۔ اِس موقع پر وزیراعظم کی پسند ناپسند کے بارے میں جاننے کی کوشش کی گئی۔ اس عمر میں بھی وزیر اعظم مودی کافی فٹ نظر آتے ہیں۔ ان کی فٹنس کا راز یوگا اور ان کا کھانا پینا ہے۔ وزیر اعظم نے یوگا کو عالمی سطح پر پہچان دلائی اور ان کی پہل کے بعد ہی ہر سال یوگا ڈے منایا جانے لگا۔ لیکن آج ہم وزیر اعظم مودی کے یوگا یا پرانے ایام کی عادتوں کے بارے میں نہیں بلکہ ان کے کھانے پینے کی عادتوں کے بارے میں بتائیں گے۔ وزیر اعظم کا کھانا پینا ہمیشہ کافی سادہ رہا ہے۔
بچپن سے ہی گھر کی تنگ حالی کے سبب ان کی زندگی کافی سادہ رہی ہے۔ بچپن کے دنوں میں وزیر اعظم مودی کی ماں ہیرابین انہیں ناشتے میں چائے کے ساتھ باجرے کی روٹی دیا کرتی تھیں۔ لنچ میں اُن کے گھر کڑھی بنتی تھی اور رات کے کھانے میں کھچڑی۔ وزیر اعظم مودی کے گھر تبھی سبزی یا گیہوں کی روٹی بنتی تھی جب کوئی مہمان آتا تھا۔ شروعات سے ہی سادہ کھانا کھانے کی وجہ سے کبھی وزیر اعظم مودی کو وزن بڑھنے کے مسئلہ کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم مودی آر ایس ایس میں بھی تھے۔ وہاں بھی کھانے پینے میں پرہیز کی تاکید کی جاتی تھی۔سال 1995 میں جب مودی دہلی آئے تھے، ان کے کھانے پینے کی عادتیں کافی سادہ تھیں۔