نئی دہلی:وزیر اعظم نریندر مودی 28 مئی کو پارلیمنٹ کی نئی تعمیر شدہ عمارت کا افتتاح کریں گے۔ لوک سبھا سکریٹریٹ نے جمعرات کو یہ اطلاع دی۔ لوک سبھا سکریٹریٹ کے بیان کے مطابق لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے جمعرات کو وزیر اعظم مودی سے ملاقات کی اور ان پر زور دیا کہ وہ نو تعمیر شدہ پارلیمنٹ کی عمارت کے تعمیراتی کام کی تکمیل کے بعد اس کا افتتاح کریں۔بیان کے مطابق، ‘وزیراعظم نریندر مودی 28 مئی کو پارلیمنٹ کی نئی تعمیر شدہ عمارت کا افتتاح کریں گے۔’ بتایا گیا ہے کہ 5 اگست 2019 کو لوک سبھا اور راجیہ سبھا نے حکومت پر زور دیا تھا کہ وہ پارلیمنٹ کے لیے نئی عمارت تعمیر کرے۔ اس کے بعد 10 دسمبر 2020 کو وزیر اعظم نریندر مودی نے پارلیمنٹ کی نئی عمارت کا سنگ بنیاد رکھا۔ پارلیمنٹ کی نئی تعمیر شدہ عمارت ریکارڈ مدت میں معیار کے ساتھ تیار کی گئی ہے۔
