آکرشنا نے بچوں کیلئے 7 لائبریریاں قائم کی ہیں
حیدرآباد۔/24ستمبر،( سیاست نیوز) وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے ریڈیو پروگرام من کی بات میں حیدرآباد پبلک اسکول بیگم پیٹ کی ساتویں جماعت کی طالبہ آکرشنا ستیش کی خوب تعریف کی اور بیک وقت 7 لائبریریوں کے قیام کا حوالہ دیا۔ اتوار کو اپنے پروگرام میں نریندر مودی نے ہمیشہ کی طرح مختلف شعبہ جات میں نمایاں کام کرنے والوں کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ دوستو میں حیدرآباد میں لائبریری سے متعلق ایک انوکھی کوشش کا ذکر کرتا ہوں۔ ساتویں جماعت کی طالبہ آکرشنا ستیش نے جو حیدرآباد پبلک اسکول بیگم پیٹ کی طالبہ ہیں یہ حیرت انگیز کام کیا ہے۔ آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ صرف 11 سال کی عمر میں بچوں کیلئے ایک یا دو نہیں بلکہ 7 لائبریریاں چلا رہی ہیں۔ آکرشنا دو سال قبل اپنے والدین کے ساتھ کینسر ہاسپٹل گئیں تاکہ ضرورت مند مریضوں کی مدد کی جائے۔ ہاسپٹل میں بچوں نے ان سے رنگین کتابیں فراہم کرنے کی درخواست کی جس پر آکرشنا اس قدر متاثر ہوئی کہ اس نے مختلف قسم کی کتابیں جمع کرنے کا فیصلہ کیا۔ آکرشنا نے اپنے پڑوس کے گھروں، رشتہ داروں اور ساتھیوں سے کتابیں جمع کیں اور آپ کو یہ جان کر خوشی ہوگی کہ اسی کینسر ہاسپٹل میں بچوں کیلئے پہلی لائبریری قائم کی گئی۔ آکرشنا نے اب تک مختلف مقامات پر ضرورت مند بچوں کیلئے 7 لائبریریاں قائم کی ہیں جن میں تقریباً 6 ہزار کتابیں دستیاب ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ طالبہ کی چھوٹی کوشش بچوں کے مستقبل کو سنوارنے میں اہم رول ادا کررہی ہے اور یہ کوشش ہم سب کو متاثر کرتی ہے۔