وزیر اعظم نریندر مودی کا ہفتہ کو دورۂ تلنگانہ

   

حیدرآباد۔5۔جولائی(سیاست نیوز) وزیراعظم نریندر مودی 8 جولائی کو دورۂ تلنگانہ کے دوران ورنگل میں 6100 کروڑ مالیت کے ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھیں گے جس میں 176کیلو میٹر طویل قومی شاہراہ کا سنگ بنیاد شامل ہے جو کہ 5500 کروڑ کی لاگت سے تعمیر کی جائے گی۔اس کے علاوہ کاکتیہ میگا ٹیکسٹائیل پارک ایس ای زیڈ اور ریلوے مینوفیکچرنگ یونٹ کا قاضی پیٹ میں سنگ بنیاد رکھیں گے جو کہ 500 کروڑ کی مالیت سے قائم کیا جا رہاہے۔ وزیر اعظم اپنے دورہ ورنگل کے دوران جلسہ عام سے بھی خطاب کریں گے۔وزیر اعظم کے اس دورہ تلنگانہ اور ترقیاتی کاموں کے سنگ بنیاد رکھے جانے کی تقریب کے سلسلہ میں کہاجا رہاہے کہ وہ تلنگانہ میں انتخابی بگل بجانے کیلئے ان پروگرامس میں شرکت کررہے ہیں۔ نریندر مودی کے دورہ کے سلسلہ میں سیاسی مبصرین کی نظریں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ پر ٹکی ہوئی ہیں کہ آیا وہ وزیر اعظم کی آمد پر ان کا خیر مقدم کرنے کیلئے پہنچتے ہیں یا نہیں ! بی جے پی اور بی آر ایس میں خفیہ مفاہمت کے متعلق دعوؤں کے دوران وزیر اعظم کے دورہ کے موقع پر اگر چیف منسٹر کے سی آر وزیر اعظم کا استقبال کرتے ہیں اور تقاریب میں شریک ہوتے ہیں تو یہ بات واضح ہوجائے گی کہ دونوں میں خفیہ مفاہمت ہوچکی ہے۔ اسمبلی انتخابات سے قبل ترقیاتی کاموں کی سنگ بنیاد تقاریب کے ذریعہ بی جے پی اور بی آر ایس عوام کے درمیان پہنچنے کی کوشش میں مصروف ہے۔م