وزیر اعظم نریندر مودی کی آمد سے قبل بی جے پی کو سیاسی جھٹکا

   

جی ایچ ایم سی کے چار کارپوریٹرس اور تانڈور بلدیہ کے فلور لیڈر ٹی آر ایس میں شامل
حیدرآباد۔/30 جون، ( سیاست نیوز) وزیر اعظم نریندر مودی کی حیدرآباد آمد سے عین قبل ٹی آر ایس نے بی جے پی کی خوشیوں کو پھیکا کرتے ہوئے اس کے 5 عوامی نمائندوں کو پارٹی میں شامل کرلیا۔ ایسے وقت جبکہ بی جے پی وزیر اعظم اور دیگر قومی قائدین کی آمد کے ذریعہ تلنگانہ میں قدم جمانے کی کوشش کررہی ہے گریٹر حیدرآباد کے 4 کارپوریٹرس بشمول تانڈور کے میونسپل فلور لیڈر نے بی جے پی کو خیرباد کہتے ہوئے تلنگانہ راشٹرا سمیتی میں شمولیت اختیار کرلی۔ ٹی ار ایس ورکنگ صدر کے ٹی راما راؤ نے بی جے پی قائدین کا استقبال کیا۔ بی جے پی ایک طرف قومی عاملہ کی تیاریوں اور ریاست میں سیاسی اثر بڑھانے کوششیں کررہی ہے ایسے وقت بی جے پی عوامی نمائندوں کا بی جے پی کو خیرباد کہنا وزیر اعظم کو تلنگانہ عوام کا ایک تحفہ تصور کیا جارہا ہے جہاں بی جے پی کی سیاسی ہلچل کو دیکھتے ہوئے ایسے قائدین جو کافی عرصہ سے گوشہ گمنامی میں تھے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرنے بے چین ہیں۔ اس دوران عوامی منتخبہ نمائندوں جی ایچ ایم سی کارپوریٹرس کا پارٹی کو چھوڑ دینا بی جے پی کو سیاسی دھکہ تصور کیا جارہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ شہر کے جن کارپوریٹرس نے پارٹی کو چھوڑدیا ان میں جوبلی ہلز ، ہستنا پورم، راجندر نگر اور ایڈیکمیٹ کے کارپوریٹرس شامل ہیں جبکہ تانڈور میونسپل فلور لیڈر اور کونسلر نے بھی بی جے پی کو خیرباد کہہ دیا۔ ہستنا پورم کارپوریٹر نیوت سجاتا نائیک ، راجندر نگر کارپوریٹر ارچنا پرکاش، جوبلی ہلز کارپوریٹر وینکٹیش، ایڈیکمیٹ کارپوریٹر سنیتا پرکاش گوڑ، تانڈور میونسپل کے بی جے پی فلور لیڈر سندھوجا گوڑ، کونسلر آصف کا ٹی آر ایس ورکنگ پریسیڈنٹ نے ٹی آر ایس کھنڈوا ڈال کر استقبال کیا۔ ع