عادل آباد۔/2 مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) عادل آباد میں وزیر اعظم مسٹر نریندر مودی کا دورہ 4 مارچ کو اندرا پریہ درشنی اسٹیڈیم میں منعقد ہوگا جس کے پیش نظر بی جے پی ارکان و قائدین میں جہاں ایک طرف جوش و خروش پایا جارہا ہے وہیںدوسری طرف عنقریب منعقد ہونے والے لوک سبھا انتخابات کے بعد بی جے پی سے تعلق رکھنے والے افراد مایوسی کا شکار ہونے کے امکانات ہیں۔ عادل آباد کے سیاسی حلقوں میں وزیر اعظم نریندر مودی کے عادل آباد دورہ کو منحوس دورہ قرار دیا جارہا ہے اور 41 سال پرانی تاریخ دہرائی جارہی ہے کہ 1983 میں آنجہانی وزیر اعظم شریمتی اندرا گاندھی اسمبلی انتخابات میں عادل آباد دورہ کے بعد کانگریس کا مکمل صفایا ہوچکا تھا۔ تلگودیشم پارٹی کو عوام نے اقتدار سونپا تھا جو تقریباً 20 سال تک ریاست میں برسر اقتدار رہی۔ آئندہ منعقد ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں عادل آباد سے بی جے پی کا صفایا ہونے کے امکانات محسوس کئے جارہے ہیں۔ متحدہ ضلع عادل آباد میں بی جے پی کے چار اراکان اسمبلی ہیں جو حال ہی میں منتخب ہوئے ہیں وہ کانگریس حکومت کے حق میں اپنا نرم رویہ اختیار کئے ہوئے ہیں۔