وزیر اعظم نریندر مودی 8 اپریل کو وندے بھارت ٹرین کا افتتاح کریں گے

   

حیدرآباد۔/2 اپریل، ( سیاست نیوز) وزیر اعظم نریندر مودی 8 اپریل کو سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پر تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے درمیان دوسری وندے بھارت ٹرین کو جھنڈی دکھاکر روانہ کریں گے۔ سکندرآباد اور تروپتی کے درمیان ہفتہ میں 6 دن یہ ٹرین چلائی جائے گی اور عام طور پر اس مسافت کی تکمیل کیلئے 11 تا 12 گھنٹے درکار ہوتے ہیں لیکن وندے بھارت ٹرین 8 گھنٹے اور 30 منٹ میں سکندرآباد سے تروپتی پہنچے گی۔ یہ ٹرین نلگنڈہ، مریال گوڑہ، پیڈوگورالا، گنٹور، ٹنالی، باپٹلہ، چیرالہ، اونگول، نیلور اور گڈور اسٹیشنوں پر افتتاحی دن توقف کرے گی جبکہ عام دنوں میں وندے بھارت ٹرین صرف نلگنڈہ، گنٹور، اونگول اور نیلور اسٹیشنوں پر توقف کرے گی۔ ساؤتھ سنٹرل ریلوے کی جانب سے وزیر اعظم کے پروگرام کی تیاریاں تیزی سے جاری ہیں۔ سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پر افتتاحی تقریب کے بعد وزیر اعظم پریڈ گراؤنڈ پر جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ر