وزیر اعظم نے اسٹیچو آف یونٹی پر گلہائے عقیدت پیش کئے

   

احمدآباد 31اکتوبر (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کے روز سردار ولبھ بھائی پٹیل کی 150ویں یوم پیدائش کے موقع پر گجرات کے نرمدہ ضلع کے کیوڑیا میں واقع ایکتا نگر میں واقع ’اسٹیچو آف یونٹی‘ مجسمہ اتحاد پر گل پوشی کی۔ مودی قومی یومِ اتحاد کی تقریب میں شرکت کے لیے 30 اکتوبر سے گجرات کے دو روزہ دورے پر ہیں۔ اس دوران آج صبح انہوں نے سردار ولبھ بھائی پٹیل کو خراج عقیدت پیش کیا، یومِ اتحاد کے موقع پر حلف دلایا، پریڈ کا معائنہ کیا اور ہندوستانی فضائیہ کی ‘سوریہ کرن’ ٹیم نے شاندار فضائی مظاہرہ پیش کیا۔ پریڈ میں بی ایس ایف، سی آر پی ایف، سی آئی ایس ایف، آئی ٹی بی پی اور ایس ایس بی کے علاوہ مختلف ریاستی پولیس دستے بھی شامل تھے۔
اس برس کے اہم نظاروں میں خاص طور پر رامپور ہاؤنڈ اور مدھول ہاؤنڈ جیسی ہندوستانی نسل کے کتوں پر مشتمل بی ایس ایف کا مارچنگ دستہ، گجرات پولیس کا گھڑسوار دستہ، آسام پولیس کا موٹر سائیکل اسٹنٹ شو، اور بی ایس ایف کا اونٹ دستہ و اونٹوں پر سوار بینڈ شامل تھے ۔