حیدرآباد اور وجئے واڑہ میں تقاریب، مرکزی وزراء کشن ریڈی اور پراوین پوار کی شرکت، آج سے ٹرینوں کا آغاز
حیدرآباد۔/24 ستمبر، ( سیاست نیوز) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج ملک بھر میں9 وندے بھارت ٹرینوںکا افتتاح کیا جو 11 ریاستوں پر محیط ہوں گی۔ وزیر اعظم نے نئی دہلی سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ افتتاحی رسم انجام دی۔ ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے تحت حیدرآباد ( کاچیگوڑہ ) تا بنگلور ( یشونت پور) اور وجئے واڑہ تا چینائی 2 وندے بھارت ٹرینوں کا افتتاح کیا گیا۔ اس موقع پر مرکزی وزیر ریلویز اشونی ویشنو اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ کاچیگوڑہ ریلوے اسٹیشن پر تقریب منعقد کی گئی جس میں مرکزی وزیر سیاحت و کلچر جی کشن ریڈی، رکن کونسل اے وی این ریڈی، جنرل منیجر ساؤتھ سنٹرل ریلوے ارون کمار جین، ڈیویژنل ریلوے منیجر حیدرآباد ڈیویژن لوکیش ویشنوئی اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ وجئے واڑہ ریلوے اسٹیشن پر منعقدہ تقریب میں مرکزی منسٹر آف اسٹیٹ ہیلت اینڈ فیملی ویلفیر ڈاکٹر بھارتی پروین پوار، میئر وجئے واڑہ آر بھاگیہ لکشمی، رکن پارلیمنٹ کے سرینواس، رکن اسمبلی ایم ویشنو اور دوسروں نے شرکت کی۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ وندے بھارت ٹرینیں نئے ہندوستان کی نشانی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاحال ایک کروڑ 11 لاکھ سے زائد افراد نے وندے بھارت ٹرینوں سے سفر کیا ہے۔ ملک میں 25 وندے بھارت ٹرینیں مختلف علاقوں میں چلائی جارہی ہیں اور آج مزید 9 ٹرینوں کا اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کم وقت میں مسافت طئے کرنے کے خواہشمندوں کیلئے یہ بہتر سہولت ہے۔ وندے بھارت ٹرینوں سے سیاحت کو فروغ حاصل ہوا ہے۔ مرکزی وزیر جی کشن ریڈی نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ریلوے خدمات میں اضافہ ہوا اور مختلف علاقوں کو مربوط کیا گیا۔ تاریخ میں پہلی مرتبہ سیمی ہائی اسپیڈ 9 ٹرینوں کا ملک میں آغاز ہوا ہے۔ یہ ٹرینیں ملک کی 11 ریاستوں کو ایک دوسرے سے مربوط کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ ریل انفرااسٹرکچر اور ریل کنکٹویٹی کو تلنگانہ میں فروغ حاصل ہوا ہے۔ کاچیگوڑہ تا یشونت پور وندے بھارت ٹرین عوام کیلئے تحفہ ہے۔ ارون کمار جین جنرل منیجر ساؤتھ سنٹرل ریلوے نے خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وندے بھارت ٹرینوں سے مسافت طئے کرنے کے اوقات میں کمی آئے گی۔ کاچیگوڑہ تا یشونت پور اور وجئے واڑہ تا چینائی ٹرینوں کا 25 ستمبر کو آغاز ہوگا۔