نئی دہلی 25 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) دہلی میں تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کانگریس نے آج وزیر اعظم ‘ وزیر داخلہ اور چیف منسٹر دہلی سے مطالبہ کیا کہ وہ امن کو یقینی بنانے اور بھائی چارہ برقرار رکھنے جانبدارانہ سیاست سے اوپر اٹھ کر آگے آئیں۔ پارٹی کے ترجمان اعلی رندیپ سرجیوالا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ گاندھی ‘ نہرو اور پٹیل کا ہندوستان ہے ۔ کیا کوئی ہندوستانی شہری اس بے معنی تشدد کو قبول کرتا ہے ؟ ۔ کانگریس پارٹی دہلی کے عوام سے اپیل کرتی ہے کہ وہ فرقہ وارنہ ہم آہنگی بنائے رکھے اور مذہب کی اساس پر ملک کو تقسیم کرنے والی طاقتوں سے چوکس رہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم وزیر اعظم ‘ وزیر داخلہ اور چیف منسٹر دہلی سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس موقع پر آگے آئیں’ اپنے سیاسی خیالات کو بالائے طاق رکھیں اور صرف اپنی پارٹی کے لیڈر بنے نہ رہیں بلکہ سماج کے لیڈر بنیں تاکہ ہم آہنگی ‘ امن اور عدم تشدد کو یقینی بنایا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں اس ملک کے عوام کو یہی امید ہے کہ یہ تینوں پارٹی سیاست قے بالاتر ہونگے اور سماج میں بھائی چارہ کو یقینی بنانے اقدامات کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ گاندھی جی کے بتائے ہوئے راستے کو اختیار کرتے ہوئے ان قائدین کو چاہئے کہ وہ امن مارچ کی قیادت کریں ۔ انہیں تمام برادریوں کے قائدین سے بات کرنی چاہئے تاکہ ہم قائم ہوسکے ۔ جو بے معنی تشدد ہو رہا ہے اسے روکا جاسکے ۔ امن قائم کرنے کی ذمہ داری منتخب چیف منسٹر ‘ وزیر داخلہ اور وزیر اعظم کی ہے ۔ بھائی چارہ کو برقرار رکھنے کی کسی بھی کوشش میں کانگریس پارٹی اروند کجریوال کی ریاستی حکومت اور نریندر مودی کی مرکزی حکومت کے ساتھ رہے گی ۔
