اسلام آباد : وزیراعظم پاکستان عمران خان نے پہلی پنج سالہ قومی سلامتی پالیسی کا اجراء کرتے ہوئے کہا کہ ملکی سلامتی کا انحصار شہریوں کی سلامتی میں مضمر ہے۔جمعہ کو وزیراعظم کے دفتر میں ہونے والی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی پالیسی ان کی حکومت کی اولین ترجیح تھی۔ تقریب میں وفاقی وزراء ، قومی سلامتی کے مشیر ، ارکان پارلیمنٹ ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی ، تمام سروسز چیفس ، سینئر سول و فوجی حکام ، ماہرین ، تھنک ٹینکس ، میڈیا اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں اپنی حکومت کے قومی سلامتی پالیسی کی تشکیل کے کامیاب اقدام کو اجاگر کیا۔وزیراعظم نے یہ ہدف حاصل کرنے پر قومی سلامتی کے مشیر اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی۔عمران خان نے کہا کہ کسی بھی قومی سلامتی پالیسی میں قومی ہم آہنگی اور لوگوں کی خوشحالی کو شامل کیا جانا چاہئے جبکہ بلاامتیاز بنیادی حقوق اور سماجی انصاف کی ضمانت ہونی چاہئے۔ اپنے شہریوں کی وسیع صلاحیتوں سے استفادہ کیلئے خدمات پر مبنی اچھے نظم و نسق کو فروغ دینا ضروری ہے۔