وزیر اعظم کسان سمان ندھی کی 20 ویں قسط کل جاری کریں گے

   

وارانسی ، 31 جولائی (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی 2 اگست کو اپنے پارلیمانی حلقہ وارانسی سے پردھان منتری کسان سمان ندھی (پی ایم-کسان) اسکیم کی 20 ویں قسط جاری کریں گے ، جس سے ملک بھر کے 9.5 کروڑ سے زیادہ کسان مستفید ہوں گے ۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے علاقائی صدر دلیپ پٹیل نے کہا کہ مسٹر مودی سیواپوری اسمبلی حلقہ کے بنولی (کالیکاداھم) میں ایک عوامی اجلاس سے خطاب کریں گے ۔ جلسہ گاہ کو 20 بلاکوں میں تقسیم کیا گیا ہے ۔ ہر بلاک میں 12 کارکنوں کی ٹیم کے ساتھ ایک انچارج مقرر کیا گیا ہے ۔ مسٹر پٹیل نے کہا کہ مسٹر مودی کا کاشی کا یہ 51 واں دورہ ہوگا ۔ وہ کاشی کے لوگوں کو فلاحی اسکیمیں تحفے میں دیں گے ۔ عوامی اجلاس کی مکمل کامیابی کے لیے انتظامات کو 17 مختلف محکموں میں تقسیم کیا گیا ہے ۔