ملک کو کورونا سے پاک بنانے ٹیکہ لگوانے کی اہل افراد سے نریندر مودی کی اپیل
نئی دہلی:وزیر اعظم نریندر مودی کو کورونا ویکسین کا پہلا ڈوز دیا گیا ۔وزیر اعظم نے AIIMS جاکر ٹیکہ لگوایا ۔ تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس سے بچاو کیلئے وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو ویکسین کی پہلی خوراک لی۔ دہلی میں واقع ایمس میں وزیر اعظم مودی کو کووڈ 19 سے بچاو کا ٹیکہ لگایا گیا۔یکم مارچ سے ملک میں کورونا وائرس سے بچاو کیلئے جاری ویکسینیشن کا دوسرا مرحلہ شروع ہوا ہے۔ اسی مرحلہ میں وزیر اعظم مودی نے بھی ٹیکہ لگوایا کیونکہ اس مرحلہ میں 60سا ل سے زیادہ عمر کے افراد کو ٹیکہ لگانے کا نشانہ رکھا گیا ہے جبکہ 45سال سے زیادہ عمر کے ایسے افراد کو بھی ٹیکہ لگایا جائے گا جو کسی کہنہ مرض میں مبتلا ہیں ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ایمس میں کورونا وائرس ویکسین کی میں نے پہلی خوراک لی۔ ہمارے ڈاکٹروں اور سائنسدانوں نے کورونا کے خلاف عالمی جنگ کو مضبوط کرنے کیلئے کم وقت میں کام کیا ہے۔ مودی نے کہا کہ جو ویکسین لینے کے اہل ہیں ، میں ان سبھی سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ٹیکہ لگوائیں۔ ساتھ ہی ہم سب کو مل کر ہندوستان کو کورونا سے پاک بنانا ہے۔ یکم مارچ سے 60 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں اور کسی دوسری بیماری میں مبتلا 45 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کو کورونا وائرس کا ٹیکہ سرکاری مراکز پر مفت لگایا جائے گا۔ وہیں پرائیویٹ کلینکوں اور سینٹروں پر انہیں اس کیلئے ادائیگی کرنی پڑے گی۔ کچھ ممالک میں ملے کورونا وائرس کے نئے اسٹرین کے پیش نظر مرکز نے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام خطوں کو بھی خبردار کیا ہے کہ سخت پابندی کریں۔ کسی طرح کی نرمی سے حالات مزید سنگین ہوسکتے ہیں۔وزیر اعظم مودی کی قیادت والی کابینہ کی میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ 60 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں اور کسی دوسری بیماری میں مبتلا 45 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کو کورونا وائرس کا ٹیکہ یکم مارچ سے لگایا جائے گا۔ اس زمرہ میں لوگوں کو 10 ہزار سرکاری سینٹروں پر مفت ٹیکہ لگایا جائے گا۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ 20 ہزار نجی کلینکوں یا سینٹروں پر ٹیکہ لگوانے والوں کو فیس ادا کرنی ہوگی۔وزارت صحت نے کہا کہ ملک میں 1.23 کروڑ سے زیادہ طبی اہلکاروں اور فرنٹ لائن ورکروں کو ٹیکہ کی خوراک دی گئی ہے۔