ملک کے عوام اب مودی پر یقین نہیں کرینگے ۔ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی کا ریلی سے خطاب
سلیگوڑی ۔ وزیر اعظم نریندر مودی پر تنقیدوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی نے آج کہا کہ مودی ریاست میں رائے دہندوں کو گمراہ کرنے جھوٹ پھیلا رہے ہیں۔ ممتابنرجی نے یہاں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نے گذشتہ برسوں میں کئی کھوکھلے وعدے کئے ہیں اور ملک کے عوام اب ان پر بھروسہ نہیں کرتے ۔اس سے قبل ممتابنرجی نے پکوان گیس کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف یہاں ایک احتجاجی مظاہرہ میں بھی شرکت کی ۔ ممتابنرجی نے سوال کیا کہ وزیر اعظم نے اب تک عوام کے بینک کھاتوں میں 15 لاکھ روپئے کیوں نہیں جمع کروائے ہیں ۔ انہوں نے یہ رقم جمع کروانے کا 2014 کے لوک سبھا انتخابات میں وعدہ کیا تھا ۔ انہوں نے وزیر اعظم سے کہا کہ انہوں نے اب تک عوام سے کئی کھوکھلے وعدے کئے ہیں اور عوام اب ہر روز کے جھوٹ کو قبول نہیں کرینگے ۔ ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں ہر شہری کو پکوان گیس کا سلینڈر واجبی قیمت پر دستیاب ہوجائے لیکن مودی حکومت نے پکوان گیس سلینڈر کی قیمت میں اضافہ کرکے اسے عام آدمی کی دسترس سے باہر کردیا ہے ۔ ممتابنرجی نے کہا کہ نریندر مودی کو جھوٹ بولنے کی اپنی عادت کی وجہ سے شرم آنی چاہئے ۔ وہ بنگلہ زبان میں تقریر کرتے ہیں لیکن یہ اسکرپٹ ہمیشہ گجراتی میں تحریر ہوتی ہے جسے ان کے سامنے شفاف آئینے میں رکھا جاتا ہے ۔ وہ صرف بنگالی سے واقفیت کا ڈھونگ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی نے ودیاساگر کے مجسمہ کو نقصان پہونچایا ۔ مودی کی پارٹی نے برسا منڈا کی توہین کی ہے ۔ ان کی پارٹی نے یہ غلط کہا کہ رابندر ناتھ ٹیگور کی پیدائش شانتی نکیتن میں ہوئی تھی ۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بنگال اور اس کے کلچر کے تعلق سے بی جے پی کو کتنی واقفیت ہے ۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ فساد پھیلانے والی بی جے پی کے خلاف آواز اٹھائیں۔ بنگال کے عوام کو چاہئے کہ اس خطرہ کا احساس کریں جو فرقہ پرستانہ طاقتوں کو اقتدار ملنے کی صورت میں انہیں درپیش ہوسکتا ہے جبکہ یہی بنگالی عوام ذات پات اور زبان و برادری کا خیال کئے بغیر آپس میں پرسکون زندگی گذار رہے تھے ۔ قبل ازیں ممتابنرجی نے پکوان گیس سلینڈر کی قیمت میں اضافہ کے خلاف پدیاترا کی ۔ ان کے ساتھ ہزاروں لوگ موجود تھے ۔ بعد میں وہ احتجاجی مارچ میں بھی شریک ہوئیں اور مرکزی حکومت کی پالیسیوں کو تنقیدوں کا نشانہ بھی بنایا ۔