وزیر اعظم کیلئے ریلوے ایک کھلونا‘ وزیر ریل کو استعفیٰ دینا چاہیے:سنجے راوت

,

   

تیز رفتار بلٹ ٹرین کو چھوڑیئے ‘ جو ٹرینیں پٹری پر چل رہی ہیں ان پر توجہ دینے کا مطالبہ

ممبئی :اڈیشہ میں 2 جون کو ہونے والے ہولناک ٹرین حادثے نے ملک کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ اس دردناک حادثے میں 275 افراد جاں بحق جبکہ 900 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ حادثے کے بعد سے اپوزیشن مرکزی حکومت پر لگاتار حملے کر رہی ہے۔ دریں اثنا، ادھو گروپ کے رہنما سنجے راوت نے بھی بالاسور ٹرین حادثے پر وزیر اعظم مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ راوت نے الزام لگایا کہ ریلوے وزیر اعظم کے لئے ایک کھلونا بن گیا ہے۔میڈیا کے مطابق وزیر اعظم مودی پر تنقیدکرتے ہوئے سنجے راوت نے کہا کہ وزیر اعظم صرف ہری جھنڈی دکھاتے رہتے ہیں۔ یہ ان کے لیے ایک واقعہ ہے۔ پروپیگنڈے کا ایک ذریعہ بھی۔ وزیراعظم نے بڑی یقین دہانیاں کرائیں۔ بلٹ ٹرین تیز رفتار تجارت لا رہی ہے، لیکن جو ٹرینیں پٹری پر چل رہی ہیں وہ ٹھیک سے نہیں چلائی جا رہی ہیں۔ سگنلز، ریلوے ٹریکس، ٹریفک سگنلز پر کام کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر ریلوے کوواقعہ کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اور اخلاقیات کا مظاہرہ کرتے ہوئے استعفیٰ دینا چاہئے۔ سنجے راوت نے کہا کہ تیز رفتار بلٹ ٹرین کو چھوڑ یئے جو ٹرینیں پٹری پر چل رہی ہیں ان پر توجہ دی جائے ۔یہ حادثہ غفلت کا سبب ہے۔اڈیشہ کے بالاسور کے بہاناگا بازار کے قریب 2 جون کو شام 7 بجے کے قریب ٹرین حادثہ پیش آیا۔ ریلوے حکام سے موصولہ اطلاع کے مطابق یہ حادثہ کورومنڈیل ایکسپریس کے پٹری سے اترنے کی وجہ سے پیش آیا۔ جس کی وجہ سے دوسری طرف سے آنے والی بنگلور ہاوڑہ سوپر فاسٹ ایکسپریس کے کئی ڈبے بھی پٹری سے اتر گئے۔ حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ 275 افراد لقمہ اجل بن گئے۔ ریلوے کی جانب سے مرنے والوں کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم کے ریلیف فنڈ سے بھی مرنے والوں کے لواحقین کو 2 لاکھ روپے کی امداد فراہم کرنے کو کہا گیا ہے۔